2025 کے ’خوش ترین‘ ممالک کی فہرست جاری، پاکستان کون سے نمبر پر؟

اردو نیوز  |  Mar 20, 2025

آج دنیا بھر میں خوش رہنے کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق فن لینڈ دنیا کا سب سے خوش ملک ہے جبکہ افغانستان کو ناخوش ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ میں فن لینڈ کو مسلسل آٹھویں سال دنیا کا ’سب سے خوش ملک‘ قرار دیا گیا ہے۔

افغانستان جو طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے انسانی بحران سے دوچار ہے، کو ایک بار پھر دنیا کا ’ناخوش ترین ملک‘ قرار دیا گیا ہے۔

دی ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ 2025 میں دنیا کے خوش ممالک کی فہرست میں پاکستان 109ویں نمبر پر ہے جبکہ انڈیا 118ویں نمبر پر ہے۔

اس فہرست میں سری لنکا 133ویں، بنگلہ دیش 134ویں، نیپال 92ویں اور چین 68ویں نمبر پر ہے۔

خوش رہنے والے ممالک کی رینکنگ میں امریکہ کی تنزّلی ہوئی ہے۔ امریکہ دنیا کے خوش ممالک کی فہرست میں 24ویں نمبر پر چلا گیا ہے جو 2012 میں پہلی بار رپورٹ شائع ہونے کے بعد سے سب سے کم درجہ ہے۔ 2012 میں امریکہ اس فہرست میں 11ویں نمبر پر تھا۔

امریکہ کی خوش رہنے والے ممالک کی درجہ بندی میں تنزّلی کی وجہ امریکی شہریوں کے اکیلے کھانا کھانے کی تعداد میں اضافہ بتائی گئی ہے۔

امریکہ دنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست میں 24ویں نمبر پر چلا گیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)رپورٹ مرتب کرنے والے مصنّفین نے کہا کہ ’امریکہ میں تنہا بیٹھ کر کھانا کھانے والے افراد کی تعداد میں گزشتہ دو دہائیوں میں 53 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کھانا ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کھانے کا انسان کی خوشی سے گہرا تعلق ہے۔‘

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں تقریباً چار میں سے ایک امریکی شہری نے بتایا کہ اس نے گزشتہ روز پورے دن کھانا اکیلے ہی کھایا۔

’اکیلے کھانے والے افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد امریکہ میں خوشی کے کم ہونے کی ایک وجہ ہے۔‘

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ امریکہ اُن چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں نام نہاد ’مایوسی سے موت‘ میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

امریکہ میں لوگ مایوسی کا شکار ہو کر یا تو خودکشی یا منشیات کے استعمال سے مر رہے ہیں جبکہ دیگر ممالک میں ایسی اموات میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More