صدر ٹرمپ نے کملا ہیرس اور ہیلری کلنٹن کی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی

اردو نیوز  |  Mar 22, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک مخالفین کے خلاف حالیہ اقدام میں سابق نائب صدر کملا ہیرس، سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور دیگر شخصیات کی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی ہے جس کے بعد انہیں خفیہ معلومات تک رسائی حاصل نہیں رہے گی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہیلری کلنٹن کو 2016 اور کملا ہیرس کو گزشتہ سال کے صدارتی انتخابات میں شکست دینے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن کی سیکیورٹی کلیئرنس بھی منسوخ کر دی ہے۔

ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو جاری مراسلے میں کہا، ’میں نے طے کیا ہے کہ درج ذیل افراد کی خفیہ معلومات تک رسائی اب قومی مفاد میں نہیں ہے۔‘

ان افراد میں سابق سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن بھی شامل ہیں۔

اگرچہ سکیورٹی کلیئرنس منسوخ ہونے سے فوری طور کوئی اثرات مرتب نہ ہوں لیکن یہ اقدام واشنگٹن میں بڑھتی ہوئی سیاسی رسہ کشی کی واضح علامت ہے۔

صدر ٹرمپ نے اس مراسلے کے ذریعے ریپبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والی سابق رکن کانگریس لز چینی کو نشانہ بنایا ہے جو ان کی سخت ناقد بھی ہیں۔ جبکہ جو بائیڈن کی حکومت میں وائٹ ہاؤس کے سابق قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور روسی امور کی ماہر فیونا ہل کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔

واشنگٹن میں قومی سلامتی کے وکیل مارک زید اور ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق رکن کانگریس ایڈم کنزنگر کی سکیورٹی کلیئرنس بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی جو بائیڈن کی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر چکے ہیں جبکہ روایتی طور پر سابق صدور کو امریکی انٹیلی جنس تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔

ماضی میں سابق امریکی صدور انٹیلی جنس بریفنگ حاصل کرتے رہے ہیں تاکہ وہ موجودہ صدر کو قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے معاملات پر مشورہ دے سکیں۔

خیال رہے کہ سال 2021 میں جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور سابق صدر سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی تھی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More