اداکارہ و ٹی وی میزبان جویریہ سعود کی جانب سے اپنے رمضان شو میں مولانا آزاد جمیل کی جانب سے بجلی کا بل کم کرنے کے بتائے گئے وظیفے پر تبصرہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
جویریہ سعود کے نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے رمضان پروگرام میں کچھ دن قبل مولانا آزاد جمیل نے بجلی کا بل کم کرنے کا وظیفہ بتایا تھا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا تھا۔
مولانا نے پروگرام میں بجلی کا بل کم آنے کا وظیفہ بتاتے ہوئے ہوئے کہا تھا کہ جن لوگوں کے ہاں بجلی کا بل زیادہ آتا ہے وہ اپنی شہادت کی انگلی سے میٹر پر ’زم زم‘ لکھیں تو بجلی کا بل کم آئے گا۔
بجلی کا بل کم کرنے کا وظیفہ بتائے جانے پر مولانا آزاد جمیل سمیت ٹی وی چینل اور شوز کی انتظامیہ کو تنقید کا سامنا بھی ہے، تاہم اب جویریہ سعود کی جانب سے اپنے ہی پروگرام میں دیے گئے وظیفے پر تبصرہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
جویریہ سعود کا کہنا تھا کہ ’کاش ایسا ہوتا کہ ’زم زم‘ لکھنے سے بل کم آتا‘۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ لیکن عقیدے سے لوگ کریں گے تو ہو بھی سکتا ہے، انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ دعاؤں سے تو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
اداکارہ و ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب نے اگر وظیفہ بتایا تو انہوں نے سوچ سمجھ کر ہی بتایا ہوگا، اس پر وہ کیا کہ سکتی ہیں؟
جویریہ سعود نے مزاحیہ انداز میں لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ بجلی کے میٹر پر ’زم زم‘ لکھ کر تو دیکھیں، کیا پتہ بجلی کا بل آئے ہی نا’۔
جویریہ سعود کی جانب سے اپنے ہی رمضان شو میں بجلی کا بل کم کرنے کا وظیفہ بتائے جانے کے عمل پر مزاحیہ تبصرہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اداکارہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے جویریہ سعود پر تنقید کرتے ہوئے انہیں مقدس مہینے رمضان المبارک کا احترام کرنے کی تلقین بھی کی۔