"جاوید شیخ کا بیان میرے لیے بہت عجیب ہے، کیونکہ مجھے تو ہماری پہلی ملاقات یاد ہی نہیں۔ یہ برسوں پہلے کی بات ہے، مگر مجھے اتنا ضرور یاد ہے کہ ہمارے تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں۔ اُس وقت میری عمر 20 سال تھی، جبکہ ہم دونوں کی عمر میں واضح فرق تھا، اس لیے دوستی تو ممکن ہی نہیں تھی۔"
یہ تھے بھارتی اداکار عمران ہاشمی کے الفاظ، جو انہوں نے پاکستانی سینئر اداکار جاوید شیخ کے حالیہ انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہے۔ چند دن پہلے جاوید شیخ نے انکشاف کیا تھا کہ فلم جنت کے سیٹ پر عمران ہاشمی نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی تھی
جاوید شیخ کے مطابق، وہ فلم جنت سے پہلے عمران ہاشمی کو نہیں جانتے تھے، اس لیے جب شوٹنگ کے دوران ان کا تعارف کروایا گیا تو انہوں نے احتراماً ہاتھ بڑھایا، مگر عمران ہاشمی نے بے دلی سے ہاتھ ملایا اور دوسری طرف دیکھ کر چل دیے۔
یہ رویہ جاوید شیخ کو سخت ناگوار گزرا۔ بعد میں جب ڈائریکٹر نے ایک سین کی ریہرسل کا کہا تو انہوں نے صاف انکار کر دیا کہ وہ عمران ہاشمی کے پاس نہیں جائیں گے، بلکہ اگر ریہرسل کرنی ہے تو عمران کو ان کے پاس آنا ہوگا۔
جاوید شیخ نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد انہوں نے پورے شوٹنگ کے دوران عمران سے بات نہیں کی، نہ ہی کبھی ان کی طرف دیکھا۔
اب جب یہ معاملہ دوبارہ سرخیوں میں آیا تو عمران ہاشمی نے اپنی 46ویں سالگرہ کے موقع پر اس پر لب کشائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس پہلی ملاقات کی کوئی یاد نہیں، کیونکہ یہ بہت عرصہ پہلے کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جاوید شیخ کا احترام کرتے ہیں اور ان کے درمیان کبھی کوئی مسئلہ نہیں رہا، مگر یہ یاد کرنا کہ برسوں پہلے فلم کے سیٹ پر کیا ہوا تھا، ان کے لیے ممکن نہیں۔