فلم ’چھاوا‘ کی انڈین پارلیمان میں نمائش، مودی بھی شریک ہوں گے

اردو نیوز  |  Mar 25, 2025

ہندی فلم ’چھاوا‘ انڈین پارلیمان میں دکھانے کی تیاری ہو رہی ہے اور 27 مارچ کو ہونے والے اس ’خصوصی شو‘ کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی بھی موجود ہوں گے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق وکی کوشل کی یہ فلم مشہور جنگجو چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی زندگی پر مبنی ہے اور یہ فلم وزیر داخلہ امیت شاہ، یونین منسٹرز اور دوسرے اراکین بھی دیکھیں گے۔

اس فلم کو لکشمن اوٹیکر نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ پروڈیوسر دینش ویجن ہیں۔

اداکار وکی کوشل جنہوں نے ہیرو کا کردار نبھایا ہے، کے بارے میں بھی یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نمائش کے موقع پر وہ بھی پارلیمنٹ میں آئیں گے اور فلم کی ٹیم کے دوسرے ارکان بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔

یہ نمائش حکومت کی جانب سے اس مراٹھی جنگجو کے ساتھ ساتھ تاریخ و ثقافت کے حوالے سے بھی پسندیدگی کی عکاس ہے جن کو مغل سلطنت کے خلاف مزاحمت اور بہادری کے لیے جانا جاتا ہے۔

 اس تقریب کے بارے میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس کی بدولت سیاسی رہنماؤں کو ان کی زندگی اور کارناموں کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔

چھاوا کو ریلیز ہوئے چار ہفتے ہو چکے ہیں تاہم اس وقت بھی باکس آفس پر اس کی گرفت برقرار ہے اور کچھ نئے ریکارڈ بھی اپنے نام کیے ہیں۔

فلم ’چھاوا‘ میں مرکزی کردار وکی کوشل نے ادا کیا ہے (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)

یہ فلم کمائی میں باہو بلی سے آگے نکل گئی ہے اور اب تک سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی چھٹی ہندی فلم بن گئی ہے۔

اپنی رفتار کی مناسب سے اب چھاوا فلم ’پٹھان‘ (524 اعشاریہ 53 کروڑ روپے) اور ’غدر‘ (525 اعشاریہ سات کروڑ روپے) کے قریب تر ہوتی جا رہی ہے۔

اسی طرح مستقبل قریب میں کسی نئی بڑی فلم کی ریلیز کے امکانات نہ ہونے کے باعث یہ بات خاصی دلچسپ ہے کہ وہ آگے مزید کیا کارنامے کرنے والی ہے۔

چھاوا میں وکی کوشل کے علاوہ ریشمیکا مندانہ، وینیت سنگھ، اکشے کھنہ، ڈیانا پینٹی، اشوتوش رانا اور دیویا دت نے اہم کردار نبھائے ہیں۔

یہ فلم 14 فروری کو ریلیز ہوئی تھی جس کو فلم بینوں اور نقادوں دونوں کی طرف سے مثبت رسپانس دیکھنے کو ملا تھا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More