دوران میچ دل کا دورہ پڑنے کے باعث تمیم اقبال ہسپتال داخل

اردو نیوز  |  Mar 25, 2025

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال دوران میچ دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہسپتال داخل ہوگئے ہیں۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق تمیم اقبال کو ساوار میں کھیلے گئے ڈھاکہ پریمیئر ڈویژن کرکٹ لیگ کے میچ کے دوران دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں اُن کی انجیوپلاسٹی کی گئی۔

میچ امپائر دیبابرتا پاؤل کے مطابق تمیم اقبال محمڈن ٹیم کی قیادت کر رہے تھے لیکن انہوں نے پہلی اننگز میں صرف ایک اوور فیلڈنگ کی۔

چھاتی میں تکلیف کے باعث تمیم اقبال کے پی جے سپیشلائزڈ ہوسپٹل اینڈ نرسنگ ہوم روانہ ہوئے۔

ہسپتال میں معائنے کے بعد تمیم واپس گراؤنڈ آئے اور پھر ایئر ایمبولنس کے ذریعے دوسرے ہسپتال روانہ ہوئے۔

انہیں تشویشناک حالت میں دوبارہ ہسپتال لے جایا گیا جہاں معائنے کے بعد معلوم ہوا کہ اُن کی دل کی شریانیں بند ہیں۔

بی کے ایس پی کے چیف کرکٹ کوچ مونتو دتا نے بتایا کہ ’ٹاس کے وقت تمیم اقبال بالکل ٹھیک تھے۔ جب ان کی طبیعت خراب ہوئی تو وہ اپنی ہی گاڑی میں ہسپتال گئے۔ وہاں ڈاکٹر انہیں واپس نہیں آنے دے رہے تھے لیکن وہ ایئر ایمبولنس لینے کی غرض سے سٹیڈیم واپس آگئے۔‘

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تمیم اقبال کو دل کا دورہ پڑا ہے اور دل کی شریانیں کھولنے کے لیے اُن کی انجیوپلاسٹی اور انجیوگرام کروائی گئی ہے۔

تمیم اقبال ابھی ہسپتال داخل ہیں جہاں اُن کا علاج کیا جا رہا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More