آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کی کپتانی کریں گے۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق جنوری میں پی ایس ایل ڈرافٹ میں کراچی کنگز کا حصہ بننے والے ڈیوڈ وارنر شان مسعود کی جگہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
اس حوالے سے وارنر کا کہنا ہے کہ ’ہمارے پاس ایک شاندار لائن اپ ہے اور میں اس سال کپتان کا کردار نبھانے کے لیے بہت پُرجوش ہوں۔‘
دوسری جانب کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ ’وارنر کا بطور لیڈر اور میچ ونر ٹریک ریکارڈ ہمارے وژن کے مطابق ہے۔‘
انہوں نے شان مسعود کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ وہ سکواڈ میں کلیدی کھلاڑی کا کردار ادا کریں گے۔
کراچی کنگز پی ایس ایل کے پچھلے تین سیزنز سے پلے آف میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوتی آ رہی ہے اور 2020 میں اپنا واحد ٹائٹل جیتنے کے بعد سے انہیں دوبارہ ٹرافی کی تلاش ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے حال ہی میں 2024-25 بگ بیش لیگ کے فائنل میں سڈنی تھنڈر کی کپتانی کی تھی۔
کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 میں کیپ ٹاؤن میں بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے نتیجے میں وارنر پر کپتانی سے تاحیات پابندی لگائی تھی جسے گزشتہ سال ہی ختم کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے پی ایس ایل سیزن 10 کے ری پلیسمنٹ ڈرافٹ میں فرنچائزز نے نئے کھلاڑیوں کا انتخاب بھی کرلیا ہے۔
پشاور زلمی نے کوربن بوش کی جگہ جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر جارج لنڈے کو ڈائمند کیٹگری میں ڈرافٹ کیا ہے۔ کوربن بوش پی ایس ایل سے دستبردار ہو کر آئی پی ایل کھیل رہے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے سٹار کھلاڑی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز راسی وین ڈیر ڈوسن ذاتی وجوہات کی بنا پر سیزن کے کچھ حصے سے باہر ہو جائیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے آسٹریلوی کیپر اور بلے باز ایلکس کیری کو متبادل کے طور پر نامزد کیا ہے۔
اس کے علاوہ پشاور زلمی نے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر ناحید رانا، کراچی کنگز نے بنگلادیشی اوپنر لٹن داس اور کین ولیمسن اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مارک چیپمین کی جگہ کو ریزرو کیا ہے۔
پی ایس ایل کا آغاز 11 اپریل کو راولپنڈی میں ہونے جا رہا ہے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 18 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔