پی ایس ایل چھوڑ کر آئی پی ایل میں شمولیت، کوربن بوش پر ایک سال کی پابندی

اردو نیوز  |  Apr 11, 2025

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر کوربن بوش پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کھیلنے پر ایک سال کی پابندی لگا دی ہے۔

پی سی بی کے مطابق کوربن بوش نے اس سال پی ایس ایل ڈرافٹ میں منتخب ہونے کے باوجود مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کیا جس کے باعث ان پر پابندی عائد کی گئی۔

بوش کو پشاور زلمی کے لیے ڈائمنڈ کیٹگری میں منتخب کیا گیا تھا لیکن انہوں نے انڈیا میں کھیلے جانے والے آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینز میں شمولیت اختیار کر لی۔

رواں برس جب پی ایس ایل اور آئی ایل کے شیڈول کا ٹکراؤ ہوا، بوش پی ایس ایل سے دستبردار ہوئے جس کے بعد پی سی بی نے ان پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے قانونی نوٹس بھیجا۔ 

پی سی بی کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بوش نے پی ایس ایل سے دستبرداری پر ’افسوس کا اظہار‘ کیا ہے، اور انہیں 2026 میں ہونے والے مقابلے کے 11ویں ایڈیشن میں شرکت سے روک دیا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بوش نے کہا، ’مجھے پی ایس ایل سے دستبرداری کے اپنے فیصلے پر شدید افسوس ہے، اور میں پاکستانی عوام، پشاور زلمی کے شائقین اور کرکٹ کمیونٹی سے معذرت خواہ ہوں‘۔

انہوں نے کہا ’میں اپنے اس اقدام کی وجہ سے ہونے والی مایوسی کو اچھی طرح سمجھتا ہوں۔ میں پشاور زلمی کے مداحوں کو مایوس کرنے پر معذرت خواہ ہوں اور اپنے اس فیصلے کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں، میں پی ایس ایل سے جرمانے اور ایک سال کی پابندی سمیت نتائج کو قبول کرتا ہوں۔‘

کوربن نے مزید کہا کہ ’میرے لیے یہ ایک مشکل سبق رہا ہے، لیکن میں اس تجربے سے سیکھوں گا اور امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں پی ایس ایل میں واپس آؤں گا‘۔

پی سی بی بوش کے معاملے کے بعد ایک مثال قائم کرنے کا خواہاں تھا تاکہ کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے لیے سائن اپ کرنے کے بعد آئی پی ایل میں جانے سے روکا جا سکے۔

واضح رہے پی ایس ایل کے آئی پی ایل ونڈو میں منتقل ہونے کی ایک وجہ کھلاڑیوں کی دستیابی یقینی بنانا تھا۔ پی ایس ایل کا ڈرافٹ اس سال کی آئی پی ایل نیلامی کے بعد ہوا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ صرف ان کھلاڑیوں میں ڈرافٹنگ ہے جنہیں آئی پی ایل نے منتخب نہیں کیا۔

اس کے نتیجے میں پی ایس ایل ڈرافٹ نے ڈیوڈ وارنر، ڈیرل مچل، جیسن ہولڈر، راسی وین ڈیر ڈوسن اور کین ولیمسن سمیت ہائی پروفائل کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کیا، جو سبھی آئی پی ایل نیلامی میں فروخت نہیں ہوئے۔

پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کا آغاز آج سے راولپنڈی میں ہو رہا ہے جہاں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More