پی ایس ایل 10: پشاور زلمی کی بڑی ہار، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی 80 رنز سے کامیابی

اردو نیوز  |  Apr 13, 2025

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 80 رنز سے شکست دے دی۔سنیچر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پشاور زلمی 16 ہویں اوور کی پہلی گیند پر 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو میچ جیتنے کے لیے 217 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، کپتان بابر اعظم اپنی بیٹنگ کے جوہر دکھانے میں ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ گئے۔بابر اعظم، محمد عامر کی بال پر کور ڈرائیو کھیلتے ہوئے رائلی روسو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے صرف دو گیندوں کا سامنا کیا۔انجری سے صحت یاب ہوکر واپس آنے والے جارح مزاج اوپنر صائم ایوب نے 38 گیندوں پر 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔حسین طلعت نے 35 جبکہ مچل اوون نے 31 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے پانچ کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سپنر ابرار احمد نے پشاور زلمی کے چار بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے تھے۔کپتان سعود شکیل نے 59 جبکہ فِن ایلن نے 25 گیندوں پر 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے چار چھکے اور پانچ چوکے لگائے۔حسن نواز نے 41 جبکہ کوشل مینڈس نے 35 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب، الزاری جوزف اور صفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More