پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 10 کے پہلے میچ سے قبل کراچی کنگز کے اہم کھلاڑی وکٹ کیپر بیٹسمین لٹن داس پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں، پریکٹس سیشن کے دوران لٹن داس انجری کا شکار ہوئے تھے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 10 میں کراچی کنگز اپنا پہلا آج ہوم گراؤنڈ پر ملتان سلطانز کیخلاف کھیلے گی۔
کراچی کنگز کے وکٹ کیپر جمعرات کو انٹرا اسکواڈ میچ کے دوران سیدھے ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہوئے تھے، انہیں انگوٹھے میں ہیر لائن فریکچر آیا ہے۔
ڈاکٹرز نے لٹن کو دو ہفتے آرام تجویز کیا ہے، جس کے باعث وہ آج صبح اپنے ملک بنگلہ دیش واپس روانہ ہوگئے۔کراچی کنگز کی انتظامیہ جلد ہی لٹن داس کے متبادل کھلاڑی کا اعلان کرے گی۔
لٹن نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پی ایس ایل نہ کھیلنے کا افسوس ہے، میری جلد ریکوری کیلئے دعا کریں اور کراچی کنگز کیساتھ میری نیک خواہشات رہیں گی۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ہمارا پہلا مقصد ملتان سلطانز کو ہرانا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ہماری ٹیم کوالٹی کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ہم مرحلہ وار آگے بڑھنا چاہتے ہیں، گرم موسم میں ہمارے سیشنز ہوئے ہیں، آسٹریلیا جیسی گراسی وکٹ ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں آنا میرے لیے خوش آئند ہے، مثبت سوچ کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے، ٹورنامنٹ انجوائے کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر میچ کی پچ کنڈیشنز دیکھ کر پلیئنگ الیون میں تبدیلیاں کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 10 میں آج کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں نیشنل بینک اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔