پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز ناکام، افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی 8 وکٹوں سے فتح

اردو نیوز  |  Apr 12, 2025

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

جمعے کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ایونٹ کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 140 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کر لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کولن منرو نے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، سلمان علی آغاز 41 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ 

اوپنر صاحبزادہ فرحان 25 رنز بنا کر حارث رؤف کی بال پر سکندر رضا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کے آصف آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کی پوری ٹیم آخری اوور کی دوسری گیند پر 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ون ڈاؤن آنے والے عبداللہ شفیق 66 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ان کے علاوہ سکندر رضا 23، ڈیرل مچل 13، حارث رؤف 10، محمد نعیم آٹھ، کپتان شاہین شاہ آفریدی دو جبکہ اوپنر فخر زمان صرف ایک رن بنا سکے۔

سیم بلنگز، جہانداد خان اور ڈیوڈ ویزا بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے جبکہ آصف آفریدی دو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جیسن ہولڈر نے چار، کپتان شاداب خان نے تین جبکہ عماد وسیم، رائلے میریڈیتھ اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان نے کی جبکہ لاہور قلندرز کی کپتانی کے فرائض شاہین شاہ آفریدی سرانجام دے رہے تھے۔

پی ایس ایل 10 کے اس افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کی طرف سے محمد نعیم، ڈیرل مچل اور آصف آفریدی نے ڈیبیو کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کولن منرو نے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)اسلام آباد یونائیٹڈ کا سکواڈ

آندرے گوس، صاحبزادہ فرحان، کولن منرو، سلمان علی آغا، اعظم خان، شاداب خان (کپتان)، جیسن ہولڈر، محمد شہزاد، عماد وسیم، نسیم شاہ اور رائلے میریڈیتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں شامل تھے۔

لاہور قلندرز کا سکواڈ

فخر زمان، عبداللہ شفیق، محمد نعیم، ڈیرل مچل، سیم بلنگز، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزا، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، جہانداد خان، حارث رؤف اور آصف آفریدی لاہور قلندرز کے سکواڈ کا حصہ تھے۔

پی ایس ایل 10 کی افتتاحی تقریب

میچ سے قبل پی ایس ایل سیزن 10 کی افتتاحی تقریب پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔

پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد پی ایس ایل 10 کی ٹرافی سٹیج پر لائی گئی۔

معروف گلوکار علی ظفر نے بھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

افتتاحی تقریب میں معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین نے صوفیانہ کلام پیش کیا جبکہ گلوکار علی ظفر نے تقریب میں شاندار پرفارمنس پیش کی۔

ان کے علاوہ گلوکارہ نتاشا بیگ، ابرارالحق اور طلحہ انجم نے پی ایس ایل 10 کا ترانہ پیش کیا جبکہ ینگ سٹنرز نے بھی اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

پی ایس ایل 10 کی افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More