اسٹوریز اب ہر سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپ کا ایک لازمی جزو ہے، جس سے صارفین اپنے روزمرہ کے مختلف لمحات دیگر افراد کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔
یہ اسٹوریز 24 گھنٹے بعد خودکار طور پر غائب ہوجاتی ہیں۔
واٹس ایپ میں اسٹوریز کو اسٹیٹس کے نام سے شامل کیا گیا ہے۔
اگر آپ واٹس ایپ اسٹیٹس استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے اسے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے اسٹیٹس میں مزید نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے جن کی بدولت صارفین کولاج، میوزک اور نئے اسٹیکرز پوسٹ کرسکیں گے۔
مارچ 2025 سے صارفین کے پاس اسٹیٹس میں میوزک کلپ ایڈ کرنے کا آپشن موجود ہے اور وہ ایپ کی میوزک لائبریری سے گانے منتخب کرسکتے ہیں۔
یہ میوزک کلپ 15 سے 60 سیکنڈ طویل ہوتے ہیں اور اب ان کلپس کو اسٹیکرز میں تبدیل کرکے اسٹیٹس کو موسیقی سے زیادہ لیس کیا جاسکے گا۔
اس کے علاوہ صارفین صرف ایک گانے کو ہی اسٹیٹس اپ ڈیٹ کے طور پر بھی پوسٹ کرسکیں گے۔
ایک نیا فیچر لے آؤٹ کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے صارفین 6 تصاویر کے کولاج کو تیار کرکے اسٹیٹس میں ایک مخصوص لے آؤٹ میں شیئر کرسکیں گے۔
ایڈ یورز کے نام سے نئی اسٹیکر اپ ڈیٹ بھی صارفین کو دستیاب ہوگی جس میں آپ کے دوست یا رشتے دار آپ کے اسٹیٹس پر اپنی تصاویر کے ذریعے ردعمل ظاہر کرسکیں گے۔
یہ تصاویر اسٹیکرز میں تبدیل ہو جائیں گی جن کے سائز اور ساخت کو تبدیل کرنا ممکن ہوگا۔
کمپنی نے بتایا کہ ان فیچرز کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور بہت جلد دنیا بھر میں صارفین انہیں استعمال کرسکیں گے۔