گوگل کی مقبول ترین سروس جی میل میں ایک بہترین کارآمد فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
جی میل میں اب طویل ای میل تھریڈز کا سمری کارڈ خودکار طور پر تیار ہوکر صارفین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ یہ فیچر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے جی میل ایپ میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔
گوگل کی جانب سے 2024 میں ڈاکس، شیٹس، سلائیڈز، ڈرائیو اور جی میل میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی سمریز تیار کرنے کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے ان سروسز میں جیمنائی سائیڈ پینل کو شامل کیا گیا تھا۔
مگر اس کے لیے آپ کو ای میلز سمری کے آپشن پر خود کلک کرنا ہوتا ہے جو کہ ای میلز کے اوپر موجود ہوتا ہے۔ مگر اب اس آپشن کی جگہ طویل ای میل کی سمری اوپر نظر آ جائے گی۔
گوگل کے اے آئی اسسٹنٹ کی جانب سے طویل ای میل تھریڈز میں موجود متعدد میسجز کے اہم نکات کو سمری کا حصہ بنایا جائے گا۔ اگر اس ای میل تھریڈ میں مزید میسجز موصول ہوئے تو سمری تیار ہونے کا عمل جاری رہے گا۔
یہ فیچر گوگل ورک پلیس کے جی میل صارفین کو دستیاب ہوگا، البتہ نان ورک پلیس اکاؤنٹس اور ڈیسک ٹاپ پر جی میل ویب ورژن پر اسے متعارف کرایا جائے گا یا نہیں، یہ کمپنی نے ابھی نہیں بتایا۔ البتہ وہاں بھی سمرائز دس ای میل آپشن ای میلز کے اوپر موجود ہوگا۔