کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس کی خیابان تنظیم فیز 5 میں چوری کی انوکھی واردات سامنے آئی ہے جس میں گھر کام کرنے والی ماسی 13سال تک چوریاں کرتی رہی ، 5کروڑ سے زائد رقم غائب ہو گئی لیکن مالکان کو کانوں کان خبر نہ ہوئی، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے تقریباً سوا کروڑ روپے کی ریکوری کر لی۔
ہماری ویب کو ملنے والی معلوما ت کے مطابق کلفٹن تھانے میں میں خیابان تنظیم کی رہائشی خاتون نے 16 جون کو مقدمہ درج کروایا کہ میں گھریلو خاتون ہوں اور میرے شوہر جس کا نام حسن جلیل ہے جو ذاتی کاروبار کرتے ہیں اور اس وقت بیرون ملک گئے ہیں، کاروبار کے سلسلے میں ہمارے گھر نقد رقم موجود رہتی ہے۔
مورخہ 15 جون 2025 کو میرے شوہر کا فون آیا کہ کسی گلزار نامی خاتون کا فون آیا جس نے بتایا کہ آپ کے گھر میں جو ملازمہ شہناز زوجہ اللہ رکھا کام کرتی ہے اس نے مختلف اوقات میں آپ کے گھر سے چوری کی ہے اس پر میرے شوہر نے اپنے اکاؤنٹنٹ شکیب کو گھر بھیجا جس کے معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ 13سال سے اب تک اندازاً 5 کروڑ روپے غائب ہیں، مجھے شبہ ہے کہ میری ملازمہ شہناز جو اپنے بیٹے آصف کے ساتھ آتی جاتی تھی اس نے مختلف اوقات میں رقم چوری کی ہے لہٰذا کارروائی کی جائے ۔
ایس آئی یو کلفٹن سعید احمد تھہیم نے کارروائی کرتے ہوئے گزری سے ملازمہ شہناز کو گرفتار کر کے تفتیش کی تو ہوشربا انکشافات سامنے آئےجس کے بعد ملزمہ کے بیٹے آصف اور اس کے ساتھی حماد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
چوری کی رقم سے ملزمہ نے کیا کیا خریدا ؟
پولیس کے مطابق ملزمہ خاتون نے فیملی کے اعتماد کا فائدہ اٹھا کر 13 سال میں رقومات چوری کرکے گزری میں 50 لاکھ سے زائد مالیت کا فلیٹ خریدا، پنجاب میں 5 مرلہ اور ایک 7مرلہ کے 2 پلاٹ 3 لاکھ روپے فی مرلہ خریدے، 3 گاڑیاں ایک ہونڈا سوک مالیت 50 لاکھ،ویگن اور آلٹو جن کی مالیت 40 لاکھ سے زائد ہے اور ایک دکان بھی خرید لی جس کی مالیت 70 لاکھ ہے جبکہ اور ایک ہونڈا موٹر سائیکل مالیت ڈیڑھ لاکھ خریدی، پولیس نے فلیٹ اور دکان کو سیل کر دیا ہے جبکہ نقد رقم تقریبا ً 46 لاکھ روپے برآمد کرلیے جبکہ ایک سوک کار اور موٹر سائیکل بھی ریکور کرلی ہے۔
ملزمہ کے راز سے پردہ اٹھانے والی کون ؟
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ شہناز، آصف اور حماد ریمانڈ پر ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے، تفتیشی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملزمہ شہناز بنگلے میں 15 سال سے کام کر رہی تھی اور ملزمہ کی سہیلی کو اس کی چوریوں کے بارے میں پتہ تھا جس سے لڑائی ہوئی تو اس نے بنگلے کے مالک کو فون کرکے راز سے پردہ اٹھا دیا۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ شہناز پنجاب کرم پور وہاڑی کی رہنے والی ہے، ملزمہ نے 2 شادیاں کیں ہیں پہلا شوہر مرحوم اللہ رکھا تھا جس سے کوئی اولاد نہیں تھی جبکہ دوسرا مشتاق ہے جس سے 2بچے ایک بیٹا آصف جو گرفتار ہے اور ایک بیٹی جو شادی شدہ ہے جبکہ ملزمہ کا پہلے کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ملا ہے۔