میں مر چکا ہوں۔۔ حال ہی میں باپ بننے والے مشہور انفلوئنسر نے اپنی ہی موت کی اطلاع دنیا کو کیسے دی؟ ویڈیو وائرل

ہماری ویب  |  Jun 27, 2025

"اگر آپ یہ ویڈیو دیکھ رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ میں اب دنیا میں نہیں ہوں۔ میری زندگی آسان نہیں تھی، مگر میں نے ہر لمحہ جیا۔ میں نے یہ ویڈیو اپنی موت کی اطلاع دینے کے لیے اس وقت ریکارڈ کی جب میں نے کسی اور کو ایسا کرتے دیکھا اور محسوس کیا کہ اپنے خیالات کو اس طرح بانٹنا ایک اچھا طریقہ ہے۔ زندگی ایک زبردست نعمت ہے، اور میں نے اس کا ہر پہلو محسوس کیا۔ آپ بھی زندگی کو دل کھول کر جئیں۔ مجھے ایسے لوگوں سے مل کر بہت خوشی ہوتی تھی جو خود بھی زندگی سے محبت کرتے تھے اور دوسروں کو بھی جینے کی ترغیب دیتے تھے۔ اور ہاں، مجھے یقین ہے کہ اس دنیا کے بعد بھی کچھ نہ کچھ ضرور ہے۔"

یہ وہ الفاظ تھے جو امریکی سوشل میڈیا انفلوئنسر ٹینر مارٹن نے اپنی زندگی کے آخری باب کے لیے ریکارڈ کیے۔ 2020 میں، صرف 25 سال کی عمر میں جب انہیں بڑی آنت کے اسٹیج فور کینسر کی تشخیص ہوئی، تو انہوں نے یہ بات کی تھی کہ "جب میں 30 برس کا ہوں گا، میں زندہ نہیں رہوں گا۔" یہ ویڈیو ان کے انتقال کے بعد ان کی اہلیہ جیسیکا مارٹن نے پوسٹ کی۔ واضح رہے کہ مئی میں ٹینر اور جیسیکا نے اپنی بیٹی کو خوش آمدید بھی کہا تھا اور وہ اپنی زندگی سے کافی خوش تھے۔

ٹینر کا تعلق امریکی ریاست یوٹاہ سے تھا، اور جب اُنہوں نے زندگی کی بازی لڑنے کا آغاز کیا تو انہوں نے اپنی روزمرہ زندگی، علاج، جذبات اور خوف کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع کر دیا۔ ان کی یہ جدوجہد صرف ایک طبی جنگ نہیں بلکہ ہمت، سچائی اور قبولیت کا سفر تھی، جو لاکھوں دلوں کو چھو گئی۔

پانچ سال بعد، بالآخر وہ لمحہ آ گیا جس کا انہوں نے پہلے ہی اندازہ لگا لیا تھا۔ ان کی اہلیہ نے وہ ویڈیو اُن کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی جو انہوں نے خود اپنی موت کے لیے ریکارڈ کی تھی۔ ویڈیو میں ٹینر نے نہ صرف اپنی جدوجہد کا اعتراف کیا بلکہ زندگی کی خوبصورتی کا ذکر بھی کیا۔

وہ کہتے ہیں، "زندگی خوبصورت ہے، اور میں نے اسے بھرپور جیا۔"

اپنی بات کے اختتام پر انہوں نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا، اُن کی زندگی کو آسان اور قیمتی بنایا۔

ٹینر مارٹن کی کہانی صرف ایک انسان کی موت کا اعلان نہیں، بلکہ یہ زندگی کے ہر لمحے کی اہمیت کا سبق ہے، جینے کا سلیقہ، ہار نہ ماننے کی ہمت، اور رخصت ہوتے ہوئے بھی دوسروں کے لیے روشنی چھوڑ جانے کا جذبہ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More