غزہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا قبرستان بن چکا، اسرائیل کا احتساب ناگزیر ہے، اسحاق ڈار

ہماری ویب  |  Jul 29, 2025

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا، فلسطین اور کشمیر جیسے اہم عالمی مسائل پر پاکستان کا دوٹوک مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کی قرارداد پاکستان کی سفارتی کاوشوں کا نتیجہ ہے جسے بین الاقوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی۔

نیویارک میں پاکستانی مشن میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ قرارداد عالمی برادری کی جانب سے اسلاموفوبیا کے خلاف اجتماعی عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے اس موقع پر فلسطین اور کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا غزہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا قبرستان بن چکا ہے اور 58 ہزار فلسطینیوں کی شہادت کے بعد اسرائیل کا احتساب ناگزیر ہے۔ انہوں نے فوری جنگ بندی، فلسطینی ریاست کے قیام اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ کیا۔

اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے جنگی جرائم پر کارروائی کی جائے اور انسانیت کے خلاف جرائم کا سدباب کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کا حل نہ ہونا صرف سفارتی ناکامی نہیں بلکہ کئی گہرے عالمی تضادات کا عکاس ہے۔

نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور پاکستان دو ریاستی حل کا مضبوط حامی ہے۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ اگر بات چیت ہوئی تو وہ جامع ڈائیلاگ کی صورت میں ہوگی تاہم بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم نہیں کرسکتا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پانی کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف واضح ہے ایک بوند بھی نہیں چھوڑیں گے۔ ثالثی عدالت میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے دورہ امریکا کے دوران انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، سعودی عرب، برطانیہ، کویت، بنگلادیش اور فلسطینی قیادت سمیت آٹھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں جن میں اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے ایران کے ساتھ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی پارلیمان میں تشکر پاکستان کے نعرے لگنا پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔ پاک افغان تعلقات پر انہوں نے بتایا کہ وہ اپریل میں افغانستان گئے تھے، جہاں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد بھی ہو چکا ہے۔

انہوں نے پاک افغان ریلوے منصوبے کو خطے کی معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیا اور کہا کہ اس سے پاکستان دنیا سے منسلک ہو جائے گا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اپنے دورہ امریکا کو ہر لحاظ سے کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر مظلوم اقوام کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More