60 کروڑ روپے کے فراڈ کا مقدمہ اور راج کندرا کی ہندو پیشوا کو گردہ دینے کی پیش کش

اردو نیوز  |  Aug 16, 2025

بالی وُڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر و کاروباری شخصیت راج کندرا نے حال ہی میں ایک ہندو پیشوا پریم آنند سے ملاقات کی ہے۔

این ڈی ٹی کے مطابق اس ملاقات کے بعد ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں راج کندرا ہندو پیشوا کی خراب صحت کے بارے میں سن کر انہیں اپنا گردہ دینے کی پیش کش کرتے ہیں۔

ملاقات کے دوران ہندو گرو نے انکشاف کیا کہ ان کے دونوں گردے ناکارہ ہو چکے ہیں اور وہ گذشتہ دس برسوں سے اسی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔

یہ سن کر راج کندرا نے کہا کہ ’میں گذشتہ دو سال سے آپ کی رہنمائی سے مستفید ہو رہا ہوں۔ آپ کی تقاریر میرے تمام سوالات اور خدشات کا جواب فراہم کرتی ہیں۔ آپ سب کے لیے سکون اور اطمینان کا باعث ہیں۔ اگر میں مدد کر سکتا ہوں تو میرا ایک گردہ آپ کے لیے حاضر ہے۔‘

پریم آنند مہاراج نے راج کندرا کے اس جذبے کو سراہتے ہوئے جواب دیا کہ ’میرے لیے یہ کافی ہے کہ آپ خوش رہیں۔ جب تک وقت نہ آئے، ہم گردے کی وجہ سے اس دنیا کو نہیں چھوڑیں گے، تاہم میں آپ کے اس خیرسگالی کے جذبے کو دل سے قبول کرتا ہوں۔‘

اس موقع پر بزنس مین کی اہلیہ شلپا شیٹی حیران رہ گئیں تاہم بعد میں انہوں نے مہاراج سے ’رادھا مندر‘ کے وظیفے کی افادیت کے بارے میں بھی سوال کیا جس پر مہاراج نے بتایا کہ یہ عمل مشکلات سے نجات میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

پریم آنند مہاراج انڈیا سمیت دنیا بھر میں ہندو مذہب کے پیروکاروں میں نہایت احترام کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں۔

بالی وُڈ سٹار انوشکا شرما اور کرکٹر وراٹ کوہلی بھی ان سے ملاقات کرنے والے عقیدت مندوں میں شامل ہیں۔ وہ ہندو مذہب کے بھگوان رادھا کرشن کے پیروکار ہیں اور ان کی تعلیمات میں محبت، ایمان اور اپنے خدا کے وظائف کی طاقت کو نمایاں کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے خطابات لاکھوں افراد آن لائن سنتے ہیں۔

دوسری جانب اسی روز شلپا شیٹی اور راج کندرا کے خلاف ممبئی کی ایک کاروباری شخصیت کے ساتھ 60 کروڑ روپے کی مالی بدعنوانی کا مقدمہ بننے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ یہ کیس ان کے بند ہو چکے کاروبار ’بیسٹ ڈیل ٹی وی پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کے ایک قرض و سرمایہ کاری معاہدے سے منسلک ہے۔

راج کندرا اور شلپا شیٹی نے ان الزامات کو بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل راج کندرا مالی بدیانتی اور فحش فلمیں بنانے کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں اور انہی مقدمات میں گذشتہ برس نومبر میں گرفتار بھی ہو چکے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More