خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے قریب درشہ خیل میں سکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 17 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن میں پاک فوج، اسپیشل سروسز گروپ، سی ٹی ڈی اور پولیس کے دستوں نے حصہ لیا۔ یہ کارروائی دو روز تک جاری رہی جس میں 22 رکنی خارجی گروہ کو گھیرے میں لے کر نشانہ بنایا گیا۔ آپریشن کے دوران 17 خوارج مارے گئے جبکہ 7 سے 10 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کا تعلق ملا نذیر گروپ سے تھا اور وہ درشہ خیل کے دشوار گزار علاقوں میں چھپے ہوئے تھے۔ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق کئی روز سے اس علاقے میں خوارج کی سرگرمیوں کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے بھی نشانہ بنائے گئے جس سے فتنۃ الخوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا لگا ہے۔سکیورٹی فورسز کے مطابق اس کامیاب کارروائی سے علاقے میں امن قائم کرنے اور دہشتگردی کے نیٹ ورک کو توڑنے میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔