راولپنڈی میں پولیو سے بچاؤ کے لیے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد

ہماری ویب  |  Sep 28, 2025

یونیسیف کے زیر اہتمام پولیو سے بچاؤ کے موضوع پر راولپنڈی کے مقامی ہوٹل میں ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

ورکشاپ میں میڈیا نمائندوں نے بھرپور شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر راولپنڈی ڈاکٹر حارث اور یونیسیف کے نمائندوں نے شرکاء کو پولیو سے بچاؤ کے لیے جاری اقدامات اور مستقبل کی حکمتِ عملی سے آگاہ کیا۔ ورکشاپ میں بتایا گیا کہ ضلع راولپنڈی کی آبادی 2025 میں 63 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں سے 10 لاکھ 57 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ آئندہ پولیو مہم اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں راولپنڈی سمیت پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں شروع کی جائے گی۔

ضلع راولپنڈی میں 9 تحصیلیں اور 212 یونین کونسلز ہیں، جن میں سے 38 کو ہائی رسک قرار دیا گیا ہے۔ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 5,187 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 11 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز خدمات انجام دیں گے۔

ورکشاپ میں مزید بتایا گیا کہ 2010 کے بعد ضلع راولپنڈی میں کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ 2025 کے دوران پولیو کی 6 خصوصی مہمات چلائی گئیں جن میں 97 فیصد کے قریب ہدف پورا کیا گیا۔ تاہم ہر مہم میں تقریباً 2.5 فیصد بچے پولیو ویکسینیشن سے محروم رہے جبکہ 135 بچے طبی وجوہات کی بنا پر قطرے نہ پی سکے۔

ڈاکٹروں پر مشتمل خصوصی ٹیمیں کیسوں کی باریک بینی سے تصدیق کرتی ہیں۔ 2025 کے دوران بار بار ماحولیاتی نمونے مثبت آئے، جس کی بڑی وجہ گنجان آباد اور دوسرے علاقوں سے آنے والے افراد کو قرار دیا گیا۔ اس صورتحال میں متعلقہ یونین کونسلز میں ہائی الرٹ کر کے خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ اعلیٰ حکام کو فراہم کی جاتی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More