کابینہ کے سامنے پہلی بار بیوروکریٹس کی کوتاہیاں سامنے لائی گئیں، فردوس عاشق اعوان

اب تک  |  Jan 14, 2020

اسلام آباد: (14 جنوری 2020) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کابینہ کے سامنے پہلی بار بیوروکریٹس کی کوتاہیاں سامنے لائی گئیں۔ تمام وزارتوں کی غفلت سامنے آئی ہے۔ تمام انکوائریاں تین ماہ میں مکمل کر کے فیصلہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اتحادی جماعتیں اس حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں گی۔ پاکستان اور عوام کی فلاح کے ایجنڈے پر آگے چلیں گے۔ ایم کیو ایم نے کابینہ سے علیحدگی اختیار کی حکومت سے الگ نہیں ہوئی۔ منایا اس کو جاتا ہے جو روٹھا ہو، جو روٹھا نہ ہو اس کو منایا نہیں جاتا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت پاکستان کے نظام کے ساتھ لگی دیمک کو صاف کرنے جارہی ہے۔ سرکاری محکموں میں لوگ نوکریوں کیلئے ترس رہے ہیں۔ ایک لاکھ انتیس ہزار تین سو ایک آسامیاں خالی پڑی ہیں جن کا بجٹ مل رہا ہے مگر بھرتیاں نہیں کی گئیں۔ وزیراعظم نے اس کا سخت نوٹس لیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔ موسمیاتی تغیرات سے متعلق ایپ متعارف کرائی جائے گی۔ گمشدہ بچوں کی برآمدگی کیلئے ’’میرابچہ‘‘ ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی۔

فردوس عاشق نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی جیلوں سے رہا پاکستانیوں کے اہلخانہ کیلئے ڈیٹا بیس بنایا جائے گا۔ تحصیل کی سطح پر احساس پروگرام کے دفاتر کھولے جارہے ہیں۔ پاکستان اسٹیٹ آئل کے چیف ایگزیکٹو کے تقرر کا معاملہ موخر کیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More