جرمنی:دائیں بازو کے انتہا پسند نے حملے سے قبل نسل پرستانہ دستاویزات شائع کیں

نوائے وقت  |  Feb 22, 2020

جرمنی میں 9 افراد کے قتل میں ملوث دائیں بازو کے انتہا پسند کے بارے میں چیف فیڈرل پراسیکیوٹر پیٹر فرینک نے انکشاف کیا ہے کہ ملزم نے حملے سے قبل اپنی ویب سائٹ پر خطرناک نسل پرستانہ اور نسل کشی پر مبنی دستاویزات شائع کی تھیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چیف فیڈرل پراسیکیوٹر نے اعتراف کیا کہ سفید فام قاتل توبیاس رتھجن کی جانب سے ویب سائٹ پر نسل پرستانہ جملے لکھنے کے باوجود استغاثہ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔انہوں نے تسلیم کیا کہ مشتبہ ملزم نے تین ماہ قبل دوسری قوموں اور ثقافتوں کے خلاف نفرت پر مبنی ایک مراسلہ بھی دفتر بھیجا تھا لیکن اس میں اتنی شدت کا اظہار نہیں کیا گیا تھا جس کے باعث حکام نے مراسلے پر توجہ نہیں دی۔چیف پراسیکیوٹر نے بتایا کہ تحقیقات کا دائرہ حملے سے قبل حملہ آور کی نقل و حرکت سے شروع ہوگا تاکہ اس کے ساتھ رابطہ رکھنے والوں کو دائرہ تفتیش میں لایا جا سکے۔چیف فیڈرل پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مشتبہ شخص کے والد سے تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More