’ویکسین بولی لگانے والوں کے بجائے ضرورت مندوں کو دیں‘

اردو نیوز  |  Jul 11, 2020

مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوائیں اور ویکسین ان افراد میں تقسیم کرنی چاہیے جن کو ان کی ضرورت ہے نہ کہ سب سے زیادہ بولی دینے والوں کو۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کووڈ 19 اور ایڈز سے متعلق ایک آن لائن کانفرنس کے دوران بل گیٹس کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے بارے میں پُر امید ہیں۔

'اگر ہم ضرورت مند افراد کے بجائے دوائیں اور ویکسین سب سے زیادہ بولی لگانے والوں کو دیں گے تو ہمیں طویل دورانیے تک اس جان لیوا وبا کا سامنا ہوگا۔‘

واضح رہے کہ بل گیٹس کے ادارے نے جون میں ویکسین کے حوالے سے عالمی الائنس ’گاوی‘ کو سات عشاریہ چار ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا۔

سنیچر کو ہونے والی آن لائن کانفرنس میں بل گیٹس نے مزید کہا کہ، 'ہمیں ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو مارکیٹ کے بجائے ضرورت کے تحت (دواؤں اور ویکسین کی) تقسیم کے بارے میں مشکل فیصلے کر سکیں۔'

دواؤں کی فراہمی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اس عمل میں خلل پیدا ہونے کا خدشہ ہے اور اس سے ہزاروں افراد ایڈزسمیت دیگر بیماریوں کے علاج سے محروم ہو سکتے ہیں۔

بل گیٹس کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے دواؤں کی فراہمی میں خلل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)'تاہم میں پرامید ہوں۔ ہم کووڈ 19 کو شکست دیں گے اور ایڈز اور دیگر طبی بحران کے خلاف کام جاری رکھیں گے۔'

وبا سے متعلق پر امید ہونے کہ وجہ بتاتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ محققین اس حوالے سے میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور دواؤں کے لیے سرمایہ کاری بھی کی جارہی ہے۔

عالمی یکجہتی کو دوسری وجہ قرار دیتے ہوئے ان کا کہان تھا کہ چاہے وہ کووڈ 19 ہو یا ایڈز اس پر پوری دنیا کا ایک ہونا اور اسے ختم کرنے کے لیے پُرعظم ہونا سب سے اہم ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More