حکومتی اعدادوشمار کے برعکس کورونا وائرس کیسز کی تعداد کہیں زیادہ ہے ،سیکرٹری جنرل پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن

روزنامہ اوصاف  |  Mar 29, 2021

اسلام آباد(روزنامہ اوصاف)سیکریٹری جنرل پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر بہت خطرناک ہے، جو تعداد حکومت بتا رہی ہے اس سے کہیں زیادہ لوگ متاثر ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر قیصر سجاد  نے کہاکہ کورونا وائرس کے کیسز میں ایک دم سے اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے۔سیکریٹری جنرل پی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب اورکے پی میں کورونا وائرس کے باعث صورتحال خراب ہے۔دوسری جانب تازہ حکومتی اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح11 اعشاریہ 2 فیصد تک جاپہنچی ہے، کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 41 افراد جاں بحق ہوگئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید4 ہزار525 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 41 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے 2ہزار268 مریض شفایاب ہو گئے۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار256ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ59ہزار116ہو چکی ہے۔
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More