چیئرمین پی سی بی  کا جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

بول نیوز  |  Apr 16, 2021

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریزمیں کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ انٹرنیشنل سیریز میں 1-2 سے کامیابی کی بدولت آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم نے میزبان ٹیم کو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز میں بھی شکست دے دی ہے۔

ٹی ٹونٹی سیریز میں 1-3 سے جیت کی بدولت عالمی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد  262  ہوگئی ہے جبکہ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود پاکستان اور پہلے نمبر پر موجود انگلینڈ میں اب صرف 10 پوائنٹس کا فرق رہ گیا ہے۔

ون ڈے انٹرنیشنل دوطرفہ سیریز کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں دو مرتبہ نمبرون بیٹسمین بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ اوپنر فخر زمان اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بھی اپنے ون ڈے کیرئیر کی بلند ترین رینکنگ حاصل کی ہے۔

ادھر ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز میں بابراعظم نے نہ صرف اپنے ٹی ٹونٹی کرکٹ کیرئیر کی پہلی سنچری بنائی بلکہ انہوں نے محمد رضوان کے ہمراہ 197 رنز کی ریکارڈ اوپننگ شراکت بھی قائم کی ہے جبکہ  سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے 205 رنز کا مجموعہ صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 12 گیندیں قبل حاصل کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ دورہ جنوبی افریفہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر وہ قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ اپنے ملک میں کبھی بھی آسان حریف نہیں سمجھا جاتا مگر پاکستان نے متاثرکن کھیل پیش کرتے ہوئے پہلے1-2 سے ایک ون ڈے سیریز اور پھر 1-3 سے ٹی ٹونٹی سیریز جیتی ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ آوے سیریز میں فتح بہت اہم ہوتی ہیں پرامید ہے کہ اس فتح سے انفرادی طور پر کھلاڑیوں اور مجموعی طور پر ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بابراعظم نے اپنی پراعتماد کارکردگی کی بدولت خود کو ایک متاثرکن کپتان ثابت کیا ہے، اکتوبر 2019 میں جب انہیں پہلی مرتبہ قومی وائیٹ بال کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا تو اس فیصلے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جاتا تھا مگر وہ بورڈ کے اعتماد پر پورا اترے ہیں کوئی شک نہیں ہے کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بہتر بناتے رہیں گے اوران میں پاکستان کا کامیاب ترین کپتان بننے کی قابلیت موجود ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا یہ بھی کہنا ہے کہ فخر زمان اور محمد رضوان کی نمایاں کارکردگی نے پاکستان کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن اپ کو استحکام دیا ہے، جو بہت خوش آئند ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر جنوبی افریقہ میں ہمارے باؤلرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم سیکھنے کا عمل ہر وقت جاری رہتا ہے، یقین ہے کہ جنوبی افریقہ سے واپسی پر ہمارے باؤلرز ایک بہتر یونٹ بن کر لوٹیں گے۔

احسان مانی نے یہ بھی کہا کہ وہ بھرپور محنت کرنے پر مصباح الحق اور ان کی کوچنگ ٹیم کے دیگر ارکان کی بھی تعریف کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانےکے لیے سخت محنت کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے مزید کہا کہ یہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا سال ہے، ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم صرف جیت کے مقصد کو لے کر ایونٹ میں شرکت کرے گی لہٰذا ہمیں ابھی مزید محنت کرنی ہے اور مستقبل قریب میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنا  ہے۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ہفتے کو زمبابوے روانہ ہوگی ،جہاں وہ تین ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

-->
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More