سابق چئیرمین پیمرا ابصار عالم پر قاتلانہ حملہ، حالت خطرے سے باہر

وائس آف امریکہ اردو  |  Apr 20, 2021

اسلام آباد — 

سابق چئیرمین پیمرا اور سینئر صحافی ابصار عالم اسلام آباد میں قاتلانہ حملہ میں زخمی ہوگئے ہیں۔ نامعلوم حملہ آور کی گولی ان کی کمر پر لگی تھی۔اسلام آباد کے نجی اسپتال میں ابصار عالم کا آپریشن کیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ابصار عالم شام کے وقت اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون میں اپنے گھر کے باہر واک کر رہے تھے کہ اچانک ایک نامعلوم حملہ آور نے ان پر پستول سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک گولی ان کو کمر پر لگی، جسے آپریشن کے ذریعے نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ابصار عالم کو اسپتال پہنچانے والے ان کے دوست راجہ ذوالفقار نے ابصار عالم کے ہی فون سے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابصار عالم کی حالت بہتر ہے لیکن ابھی ان کی اینڈوسکوپی کی جا رہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گولی نے جگر کو معمولی نقصان پہنچایا ہے تاہم ان کی حالت بہتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابصار عالم اس وقت آپریشن تھیٹر میں ہیں جہاں ڈاکٹر مکمل معائنہ کے بعد آپریشن کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر پر پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں ابصار عالم زخمی حالت میں ایک گاڑی میں بیٹھے دکھائی دے رہے ہیں۔ اور بتا رہے ہیں کہ انہیں گولی کیسے لگی۔ ویڈیو کے مطابق انہوں نے کہا کہ میں گولی مارنے والوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ میں حوصلہ نہیں ہاروں گا۔

اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی مصطفیٰ تنویر نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے واقعہ کی تصدیق کی اور کہا کہ نامعلوم حملہ آور فرار ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ایک ہی ملزم تھا یا اس کے دیگر ساتھی بھی وہاں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے فوری طور پر علاقے میں گھروں پر نصب سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنا شروع کر دی ہیں اور ان کے بقول، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، آئی جی اسلام آباد پولیس جمیل الرحمان نے ابصار عالم پر حملے کی تحقیقات کے لئے فوری ٹیم تشکیل دے دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزم کا سراغ لگانے کے لئے تمام فارینزک اور سائینسی طریقے استعمال کئے جائیں۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے ٹوئیٹ میں ابصار عالم پر حملہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ابصار عالم پر قاتلانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ پولیس کو واقعہ کی فوری تحقیقات کا کہہ دیا ہے، جوں ہی تفصیلات سامنے آئیں گی میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ابصار عالم پر قاتلانہ حملہ بہت سارے سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ وه جمہوریت اور سول بالا دستی کے لیے اٹھتی ایک بہادر اور حق پر مبنی آواز ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’’صحافت کا گلا گھونٹنے والے ان مجرموں کو فوری طور پر قوم کے سامنے لا کر نشان عبرت بنایا جائے۔‘‘

چئیرمین پیپلز پارٹی بلاوال بھٹو زرداری اور نائب صدر شیری رحمان نے بھی ابصار عالم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ آزادی صحافت اور صحافیوں کے خلاف حملے تشویشناک ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More