جنوبی وزیرستان میں آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 7فوجی شہید

سماء نیوز  |  Sep 15, 2021

جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 7 فوجی شہید ہوگئے، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلی بیسڈ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا، جہاں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔

دوسری جانب گزشتہ روز بھی پاک فوج نے نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا تھا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے تھے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کئی دہشت گرد پاکستان سے فرار ہوکر افغانستان میں پناہ لئے ہوئے تھے، جن میں سے کئی افغان فورسز کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد افغان جیلوں میں قید تھے۔

مزید جانیے: طالبان کاافغان سرزمین کسی ملک کےخلاف استعمال نہ کرنےکاوعدہ ہے،شیخ رشیدطالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی کے کئی کارندے رہائی پاچکے ہیں، جس پر پاکستان کی جانب سے کالعدم ٹی ٹی پی کے کارندوں کے حملوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے طالبان پر زور دیا گیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے دے۔

طالبان نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ افغان سرزمین پاکستان سمیت کسی بھی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہوگی۔

جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کی خاطر جان قربان کرنیوالوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ وطن کی خاطر جان دینے والوں پر پوری قوم کو ناز ہے، دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More