وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت انتظامی ڈھانچے کی بہتری کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ اجلاس

اے پی پی  |  Sep 15, 2021

لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب میں انتظامی ڈھانچے کو مزید موثر اور عوام کو اشیائے خوردنی کی کم قیمت پر فراہمی یقینی بنائی جائے، تھانوں تک عوام کی رسائی اور ان کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے جامع طریقہ کار وضع کیا جائے، پولیس سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے یہ ہدایت بدھ کو یہاں انتظامی ڈھانچے کی بہتری کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل اور آئی جی پنجاب سردار علی خان نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پنجاب کے انتظامی فیصلوں میں شفافیت اور میرٹ کو مدنظر رکھا جائے گا، مہنگائی پر قابو پانے اور شہریوں کو بنیادی اشیائے خوردونوش کی مناسب نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کئے جا ر ہے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل اولین ترجیح ہے۔

پنجاب میں کرپشن اور بدعنوانی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کو انسپکٹر جنرل پنجاب سردار علی خان نے صوبہ بھر میں پولیس کی اصلاحی ترجیحات پر بریفنگ دی۔ پنجاب پولیس عوام کے بنیادی مسائل اور شکایات کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں انتظامی ڈھانچے کو عوام کی سہولت کے لیے مزید موثر بنایا جائے اس کے علاوہ عوام کو اشیائے خوردنوش کی فراہمی کم قیمت پر یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایت کی کہ عوام کی پولیس سٹیشن تک رسائی اور ان کی شکایات کی فوری دادرسی کے لیے موثر میکنزم ترتیب دیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے خصوصی طور پر زور دیا کہ پولیس کسی بھی قسم کی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More