دورہ منسوخی کا فیصلہ انتہائی مایوس کن تھا، ٹام لیتھم

سماء نیوز  |  Sep 22, 2021

فوٹو: اے ایف پی

دورہ پاکستان ميں نيوزی لينڈ کی قيادت کرنے والے ٹام ليتھم نے اعتراف کیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کا کہہ کر دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ پاکستانی شائقین کے لیے ’’انتہائی مایوس کن‘‘ تھا۔

کرکٹ کی مقبول ویب سائٹ انفو کے مطابق ٹام لیتھم نے دبئی میں میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اچانک 12بجے ميٹنگ کے ليے طلب کيا گيا اور دورے کی منسوخی سے آگاہ کيا گيا۔

ٹام ليتھم نے بتايا کہ دورہ منسوخ ہونے سے صرف ايک ہی روز قبل ان کی بابراعظم سے بات ہوئی اور وہ پاکستان ميں انٹرنيشنل کرکٹ پر بہت خوش تھے۔

انہوں نے کہا کہ 18سال بعد نيوزی لينڈ کی پاکستان آمد يقيناً ايک تاريخی لمحہ تھا مگر پھر سب بدل گيا۔ پاکستان ميں حکام کا رويہ بہت مثالی تھا جس پر ہم ان کا شکريہ ادا کرتے ہيں۔

کیوی ٹیم کی کپتانی کرنے والے ٹیم لیتھم نے کہا کہ پاکستانی حکام کی جانب سے ہمیں 24گھنٹے کے اندر دبئی پہنچانا ایک زبردست عمل تھا۔ اسکے لیے ہم شکریہ ادا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ 17ستمبر کو راولپنڈی میں پہلا ون ڈے شروع ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کا کہہ کر سیریز منسوخ کر دی تھی۔

کیوی ٹیم نے دورے کے دوران تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے تھے۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے بعد انگلینڈ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا تھا جسے منسوخ کر دیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More