منی لانڈرگ کیس:جیکلین فرنانڈیز کی مشکلات میں اضافہ

سماء نیوز  |  Oct 16, 2021

منی لانڈرنگ اور دھوکہ دہی کے کیس میں اداکارہ جیکلین فرنانڈیز تیسری مرتبہ بھی بھارتی ایجنسی کے سامنے پیش نہ ہوسکیں۔

بالی ووڈ ہنگامہ کی کے مطابق بھارتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جیکلین فرنانڈیز کو آج منی لانڈرنگ کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا تاہم وہ تیسری بار بھی پیش نہ ہوسکیں۔ جس کے بعد ای ڈی نے ان کی طلبی کا نیا نوٹس جاری کردیا ہے۔

جمعہ کے روز اداکارہ نے حکام سے درخواست کی تھی کہ وہ اگلے مہینے کے پہلے ہفتے تک مصروف ہیں جس کے باعث تفتیش ملتوی کی جائے۔

نئے نوٹس کے مطابق جیکلین فرنانڈیز کو بروز پیر 18 اکتوبر کو پیش ہو کر کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس سے قبل 14 اکتوبر کو بھارتی اداکارہ نورا فتیحی سے بھی اس کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ بعدازاں اداکارہ کے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ نورا فتحی منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں ہیں بلکہ خود اس کے متاثرین میں شامل ہیں، نورا فتحی کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے طلب کیا گیا تھا جہاں وہ گزشتہ روز حاضر ہوئیں اور اس کیس کے حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔

یاد رہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ گرفتار ملزمان چندرا شیکھر اور ان کی اہلیہ اداکارہ لینا پال کے خلاف منی لانڈرنگ اور فراڈ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ جیکلین فرنانڈیز اور نورا فتیحی کے چندرا شیکھر اور ان کی اہلیہ سے قریبی تعلقات ہیں جس کی وجہ سے ایجنسی نے اپنی تحقیقات کا دائرہ بالی ووڈ کی اداکاراؤں تک پھیلا دیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More