چینی شہریوں کی سلامتی کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں گے، وزیراعظم

سماء نیوز  |  May 16, 2022

وزیر اعظم شہباز شریف اور چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کیلئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس میں پاک چین تعلقات کی سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے چین کی حکومت اور عوام سے 26 اپریل 2022ء کو کراچی یونیورسٹی میں ہونیوالے دہشت گرد حملے پر تعزیت کا اظہار کیا، واقعے میں 3 چینی اسکالرز سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ وزیراعظم نے متاثرین کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

شہباز شریف نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور مجرمانہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور مکمل تحقیقات کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اقتصادی منصوبوں اور اداروں پر پاکستان میں کام کرنیوالے تمام چینی شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے چین کے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کیلئے پرعزم ہے۔

دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین اپنے آزمودہ اور ہر طرح کے حالات میں جاری رہنے والے تزویراتی تعاون اور اشتراک کار کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

شہباز شریف نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کیلئے چین کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور بنیادی مفاد کے تمام معاملات پر چین کی حکومت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کیلئے اپنی حکومت کے پختہ عزم کو دہرایا، جس نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بے پناہ تعاون کیا۔

وزیراعظم نے خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیز) کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال کرنے کیلئے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے مابین مل کر کام کرنے اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان اور چین کی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے ان چینی حکام کے تجربے سے سیکھنے کی خواہش ظاہر کی جنہوں نے اپنے صوبوں میں ایس ای زیز قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیر اعظم نے ایم ایل ون منصوبہ سمیت دونوں ممالک کیلئے اسٹرٹیجک اہمیت کے حامل منصوبوں کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ شہباز شریف نے عوام سے عوام کے رابطوں پر زور دیتے ہوئے چینی وزیراعظم کو پاکستانی طلباء کے خاندانوں کے جذبات سے آگاہ کیا جو اپنی تعلیم دوبارہ شروع کرنے کیلئے چین جانے کے خواہشمند تھے۔

چینی وزیراعظم نے یقین دلایا کہ چین اقتصادی تعاون بڑھانے، تجارت کو وسعت دینے اور چین سے پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے تیار ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More