آتش بازی، گانے اور مفت داخلہ، کراچی سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب آج

اردو نیوز  |  Feb 11, 2025

کراچی کا نیشنل سٹیڈیم تزئین و آرائش کے مراحل سے گزرتے ہوئے مکمل طور پر تیار ہو گیا ہے، جس کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج شام کو ہو رہی ہے، جس میں داخلہ مفت ہو گا۔

تقریب میں گلوکار علی ظفر، شفقت امانت علی اور ساحر علی بگا سمیت دیگر فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور آتش بازی بھی ہو گی۔

کراچی سٹیڈیم میں ہونے والے تعمیراتی کام کو کافی تیز رفتاری سے انجام دیا گیا ہے، جہاں 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمز ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

پویلین کی نئی عمارت بنائی گئی ہے جبکہ ہر انکلوژر میں نئی کرسیوں کی تنصیب کے علاوہ، نئی ایل ای ڈی لائٹس اور نئی سکور سکرینز بھی نصب کی گئی ہیں۔

اسی طرح آنے والے شائقین کو کھیل سے لطف اندوز ہونے کے لیے مزید کئی سہولتیں شامل کی گئی ہیں، جبکہ ہاسپٹلٹی باکسز کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کراچی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور افتتاح کے حوالے سے کافی پُرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ’قذافی سٹیڈیم کے بعد آج نیشنل سٹیڈیم کراچی کے افتتاح پر اللہ تعالٰی کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔‘

ان کے مطابق ’تنقید کے باوجود پوری ٹیم کام کو مشن کے طور پر انجام دیتی رہی۔‘

علی ظفر سمیت دیگر گلوکار افتتاحی تقریب میں فن کا مظاہرہ کریں گے (فوٹو: ایکس، علی ظفر)

انہوں نے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر میں حصہ ڈالنے والے مزدوروں کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل  سٹیڈیمز کی تعمیر نو ایک چیلنج تھا۔

اسی سٹیڈیم پر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ 19 فروری کو کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو گا۔

ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کراچی میں آمنے سامنے آئیں گی۔

اس ایونٹ میں میزبان پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انڈیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More