ایک دہائی قبل لاپتہ ہو جانے والی ملائیشین ایئر لائنز کی پرواز ایم ایچ 370 کے ملبے کی تلاش دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ملائیشین ایئرلائنز کی پرواز کے غائب ہونے کا واقعہ ہوابازی کی صنعت کے پراسرار ترین واقعات میں سے ایک ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ملائیشین ایئرلائنز کی پرواز ایم ایچ 370 کا بوئنگ 777 طیارہ، جس میں 227 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے، آٹھ مارچ 2014 کو کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے غائب ہو گیا تھا۔
ملائیشیا کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ انتھونی لوک کا منگل کو کہنا تھا کہ میری ٹائم ایکسپلوریشن فرم ’اوشیین انفنٹی‘ نے ایم ایچ 370 طیارے کی تلاش شروع کر دی ہے۔
انتھونی لوک نے صحافیوں کو بتایا ملائیشیا اور اوشین انفنٹی کے درمیان تفصیلات طے کی جا رہی ہیں۔ ’تاہم ہم فرم کی جانب سے اپنے جہازوں کو طیارے کی تلاش شروع کرنے پر لگانے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔‘انتھونی لوک کا کہنا تھا کہ طیارے کی تلاش کتنی دیر تک جاری رہے گی اس کی تفصیلات طے ہونا باقی ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے یہ نہیں بتایا کہ برطانوی فرم نے طیارے کی دوبارہ تلاش کب سے شروع کی ہے۔خیال رہے گذشتہ سال دسمبر میں ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا تھا کہ ایم ایچ 370 کے ملبے کی تلاش دوبارہ شروع کی جائے گی۔ٹرانسپورٹ کے وزیر انتھونی لوک نے کہا تھا کہ جنوبی بحر ہند میں ایک نئے علاقے کی تلاش کی تجویز ایکسپلوریشن فرم اوشین انفینٹی کی طرف سے آئی ہے، جس نے 2018 میں طیارے کی آخری تلاش بھی کی تھی۔Captionانہوں نے اس وقت ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ اگر ملبہ مل گیا تو فرم کو سات کروڑ ڈالر ملیں گے۔ملائیشیا کے تفتیش کاروں نے ابتدائی طور پر اس امکان کو رد نہیں کیا کہ طیارے کو جان بوجھ کر اتارا گیا تھا۔کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ ہوائی جہاز کا ملبہ افریقہ کے ساحل اور بحر ہند کے جزیروں پر بہہ گیا ہے۔پرواز میں 150 سے زائد چینی مسافر سوار تھے جن کے رشتہ داروں نے ملائیشیا ایئر لائنز اور بوئنگ ہوائی جہاز کے انجن بنانے والی کمپنی رولز رائس اور الیانز انشورنس گروپ سے معاوضے کا مطالبہ کیا تھا۔