ایسی قبر کھودیں گے جس سے دہشت گردی کے ناسور کا باہر نکلنا ناممکن ہو گا: وزیراعظم

اردو نیوز  |  Mar 01, 2025

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’دہشت گردی کا قلع قمع کیا جائے گا، اس ناسور کا خاتمہ کیا جائے گا، ایسی قبر کھو دیں گے کہ دوبارہ اس ناسور کا نکلنا ممکن نہیں ہو گا۔‘

سنیچر کو اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکے میں مولانا حامد الحق کی شہادت اور دیگر پاکستانیوں کی شہادت المناک واقعہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ قدیم جامعہ ہے جہاں اسلامی و عصری تعلیم فراہم کی جاتی ہے، یہ سچے پاکستانی ہیں۔ اس واقعے پر قوم افسردہ ہے۔ ہم اس دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، امید ہے خیبرپختونخوا حکومت ان قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے گی۔‘

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سنہ 2018 میں دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا تھا۔ ’بدقسمتی سے حالیہ برسوں میں دوبارہ سر اٹھایا ہے اس کی وجوہات سب جانتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’مسلح افواج کی عظیم قربانیوں کے طفیل اس کا قلع قمع کیا جائے گا۔ اس ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور ہمیشہ کے لیے دفن کریں گے۔‘

20 ارب روپے کے رمضان پیکج کا اعلان

اس موقعے پر وزیراعطم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ رمضان کے دوران ملک میں غریبوں کو 20 ارب روپے کا پیکج دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’رمضان پیکج کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے ہیں اور اس کی شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو پرائیوٹائز کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پیکج میں ’ماضی میں بدترین کرپشن تھی اور قومی خزانے کو لوٹا جا رہا تھا اور اب شفاف طریقے سے یہ رقم ملک کے چاروں کونوں میں تقسیم ہوگی۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ رمضان پیکج کی یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے تقسیم کی پوری طرح نگرانی کی جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب اُن کی پی ڈی ایم حکومت آئی تو ملک میں ’ڈالر آسمانوں سے باتیں کر رہا تھا۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں جنہوں نے اس دوران بہت زیادہ منافع بنایا اُن پر ٹیکس لگایا مگر وہ عدالتوں میں گئے اور سٹے آرڈرز لے لیے۔

’اب اس حکومت کی کوششوں سے ایک دن میں سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر 23 ارب روپے قومی خزانے میں آئے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More