پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رمضان کے دوران ملک میں غریبوں کو 20 ارب روپے کا پیکج دے رہے ہیں۔سنیچر کو اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ رمضان پیکج کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ ’اور اس کی شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔‘وزیراعظم نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو پرائیوٹائز کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پیکج میں ’ماضی میں بدترین کرپشن تھی اور قومی خزانے کو لوٹا جا رہا تھا اور اب شفاف طریقے سے یہ رقم ملک کے چاروں کونوں میں تقسیم ہوگی۔‘شہباز شریف نے کہا کہ رمضان پیکج کی یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے تقسیم کی پوری طرح نگرانی کی جائے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب اُن کی پی ڈی ایم حکومت آئی تو ملک میں ’ڈالر آسمانوں سے باتیں کر رہا تھا۔‘انہوں نے دعویٰ کیا کہ کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں جنہوں نے اس دوران بہت زیادہ منافع بنایا اُن پر ٹیکس لگایا مگر وہ عدالتوں میں گئے اور سٹے آرڈرز لے لیے۔’اب اس حکومت کی کوششوں سے ایک دن میں سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر 23 ارب روپے قومی خزانے میں آئے۔‘وزیراعظم نے گزشتہ روز اکوڑہ خٹک میں ہونے والے دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ’مدرسہ حقانیہ میں مولانا حامد الحق کی شہادت نہایت افسوسناک واقعہ ہے۔‘انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ’صوبائی حکومت قاتلوں اور دہشت گردوں کا فوری احاطہ کرے گی اور ان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے گی۔‘شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سنہ 2018 میں دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا تھا۔ ’بدقسمتی سے حالیہ برسوں میں دوبارہ سر اٹھایا ہے اس کی وجوہات سب جانتے ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’مسلح افواج کی عظیم قربانیوں کے طفیل اس کا قلع قمع کیا جائے گا۔ اس ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور ہمیشہ کے لیے دفن کریں گے۔‘