وزیراعظم کو’طرزحکمرانی‘ میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند تفویض

ہماری ویب  |  Oct 07, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر امت مسلمہ اپنی اقدار اور اسلامی اصولوں پر حقیقی معنوں میں عمل کرے تو وہ دوبارہ اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتی ہے۔ قیادت کوئی امتیاز نہیں بلکہ ایک مقدس امانت ہے جسے دیانت، اخلاص، عدل اور شفاف احتساب کے ساتھ نبھانا لازم ہے۔

وزیراعظم نے یہ بات انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا میں انہیں دی جانے والی اعزازی ڈاکٹریٹ اِن لیڈرشپ اینڈ گورننس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں ریاست پہانگ کی ملکہ تنکو عزیزہ امینہ میمونہ سکندریہ، ملائیشیا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم داتو سری راجا ڈاکٹر زیمبری عبدالقادر، وزیر مواصلات داتو احمد فہمی محمد فاضل، صدرِ جامعہ تان سری عبدالرشید حسین، ریکٹر پروفیسر عثمان باقر اور پاکستانی وفد کے اراکین شریک تھے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا علم، ایمان اور اخلاق کا حسین امتزاج ہے جو مسلم دنیا میں علم و دانش کے فروغ کے لیے ایک روشن مینار کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم درسگاہ سے اعزازی ڈاکٹریٹ ملنا ان کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ گزشتہ 40 سال سے زائد عرصے سے عوامی خدمت کے مختلف منصب پر فائز رہے اور ہمیشہ دیانتداری، خلوص نیت اور عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کو اپنا مشن بنایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلم امہ آج تنازعات، غربت اور انتشار جیسے چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے ان حالات میں ہمیں اپنے دین کی اصل تعلیمات ،سچائی، انصاف اور اتحاد کو اپنانا ہوگا تاکہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔

انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان علمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ دونوں ممالک کی نوجوان نسل کو خدمتِ انسانیت کے لیے مواقع فراہم کرنا مشترکہ ذمہ داری ہے۔

شہباز شریف نے علامہ اقبال کے شعر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا سبق پھر پڑھ صداقت کا، عدالت کا، شجاعت کا۔۔۔ لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا۔

انہوں نے دعا کی کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات دوستی، بھائی چارے، ترقی اور خوشحالی کے رشتوں میں مزید مضبوط ہوں۔

تقریب کے موقع پر ملکہ تنکو عزیزہ امینہ میمونہ سکندریہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو قیادت اور طرزِ حکمرانی میں اعزازی ڈاکٹریٹ دینا باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کی عوام دوستی، نظم و ضبط اور بصیرت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اصل قیادت طاقت نہیں بلکہ مقصد اور خدمت سے عبارت ہوتی ہے۔

ملکہ نے پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ہزاروں طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آئے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More