اسپیکر ایاز صادق کی دعوت پر سعودی شوریٰ کونسل کے وفد کی پاکستان آمد

ہماری ویب  |  Oct 07, 2025

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر سعودی شوریٰ کونسل کا اعلیٰ سطح کا پارلیمانی وفد پاکستان پہنچ گیا۔ وفد کی قیادت سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ کر رہے ہیں۔

اسلام آباد آمد پر اسپیکر ایاز صادق نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سعودی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، برادرانہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام، عقیدے اور علاقائی خوشحالی کے مشترکہ وژن پر استوار ہیں۔

دورے کے دوران سعودی وفد کی ملاقاتیں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں پارلیمانی تعاون، دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور ترقی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

وفد اور پاکستانی قیادت کے درمیان پاکستان اور سعودی عرب کے پارلیمانی روابط کے فروغ پر خصوصی گفتگو بھی ہوگی تاکہ دونوں ممالک کے عوامی نمائندہ اداروں کے تعلقات کو مزید مستحکم اور مؤثر بنایا جا سکے۔

سعودی وفد کے خیرمقدم کے طور پر پارلیمنٹ ہاؤس کو سبز روشنیوں سے منور کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق، پارلیمنٹ ہاؤس کا سبز رنگ برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ محبت، اخوت اور یکجہتی کی علامت ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More