حفیظ سینٹر میں لگی آگ چھت پر پڑے فیول ٹینک تک پہنچ گئی، پاک فوج اور نیوی سے بھی مددطلب کرلی گئی

روزنامہ اوصاف  |  Oct 18, 2020

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) حفیظ سنٹر میں لگی آگ 9 گھنٹے بعد بھی نہیں بجھائی جا سکی، پلازے کی چھت پر پڑے فیول ٹینک بھی آگ میں زد آ کر پھٹنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق حفیظ سنٹر میں لگی آگ پر 9 گھنٹے بعد بھی قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر آرمی کی گاڑیاں بھی آگ بجھانے کے لیے حفیظ سنٹر پہنچ چکی ہیں، ڈی سی لاہور کے مطابق اس وقت تمام ادارے آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 70 فیصد حصے پر لگی آگ بجھا دی گئی ہے۔ جلد ہی آگ پر مکمل قابو کر لیا جائے گا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق حفیظ سنٹر کی چھت پر پڑے ڈیزل سے بھرے ڈرموں میں بھی آگ لگ چکی ہے اور کئی ڈرم پھٹ چکے ہیں۔ اگر آگ پر قابونہ پایا گیا تو چند گھنٹوں تک سارا حفیظ سنٹر جل کر راکھ ہو سکتا ہے۔ اس وقت لاہور کی ساری انتظامیہ حفیظ سنٹر کے پاس موجود ہے اور تمام ادارے مل کر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ پر جلد از جلد قابو پانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ لاہور انتظامیہ اور ریسکیو کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سب سے پہلے چھت پر پھنسے افراد کو باہر نکالا جائے اور دیگر شہروں سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوائی جائیں تاکہ جلد از جلد آگ پر قابو پایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ پلازے میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنا ترجیح ہے۔ ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ اس وقت فائر بریگیڈ کی 33گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، اور ریسکیو کے 70 اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق شیخوپورہ سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوائی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حفیظ سنٹر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جو کہ اب تین منزلوں تک پھیل چکی ہے۔ واضح رہے کہ صبح 6 بجے گلبرگ کے معروف الیکٹرانکس پلازے حفیظ سنٹر میں آگ لگنے سے پچاس سے زائد دکانیں متاثر ہوئی ہیں۔ آگ پلازے کی دوسری منزل پر لگی تھی جو اب چوتھی منزل تک پھیل چکی ہے۔ آگ کی شدت کے باعث دوسرے اضلاع سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں۔ آگ کی شدت کے باعث رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ ریسکیو اہلکار پلازے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ آگ زیادہ پھیلنے کے باعث انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق حفیظ سنٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے 50 سے زائد دکانیں متاثر ہوئی ہیں، آگ حفیظ سنٹر کی دوسری منزل پر لگی، شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ شدت اختیار کرگئی ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق آگ نے تیسری اور چوتھی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ آگ لگنے پر ایک متاثرہ دکاندار کا کہنا تھا کہ دکانوں سے سامان نکال رہے ہیں۔ 40 سے 50 کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے۔
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More