لاہور میں اسموگ، زمبابوے کیخلاف ٹی 20میچز راولپنڈی منتقل

سماء نیوز  |  Oct 23, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ لاہور میں اسموگ کی ممکنہ شدت کے پیش نظر زمبابو کیخلاف ٹی 20 میچز اور پی ایس ایل 2020ء کے بقیہ میچز راولپنڈی اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کیخلاف سیریز میں شامل تین ٹی 20 میچز اب لاہور کے بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ پی ایس ایل 2020ء کے بقیہ چاروں میچز بھی لاہور سے کراچی منتقل کردیئے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم گزشتہ چند ہفتوں سے موسم کی بدلتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے اور جونہی ہمیں لاہور میں آئندہ ماہ اسموگ کی شدت میں اضافے کی  معلومات ملیں تو ہم نے کھلاڑیوں کی صحت پر سمجھوتہ کرنے کی بجائے فوری طور پر ان میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کو افسوس ہے کہ لاہور کو مسلسل دوسری مرتبہ پی ایس ایل کے پلے آف میچز کی میزبانی نہیں مل رہی مگر ہمارے لئے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت سب سے عزیز ہے۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ زمبابوے کرکٹ اور پی ایس ایل کی فرنچائزز نے ہمارے فیصلے کو تسلیم کیا، اس موقع پر ہم وفاقی اور صوبائی ایجنسیز کے تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں۔

دوسری طرف نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر نے فیصلہ کیا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے بعد کھلاڑیوں کو بریک دیدیا جائے گا، 20 نومبر سے شروع ہونیوالے چوتھے راؤنڈ کیلئے واپسی پر کھلاڑیوں کے پہلے کووڈ 19 ٹیسٹ ان کے گھروں اور دوسرے سینٹرل اسٹیشن پر ہوں گے۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ ہمیں کھلاڑیوں کی صحت کا خیال ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ اس فارغ وقت اپنے گھروں میں گزاریں، یہ مشکل وقت ہے اور کھلاڑیوں نے کووڈ 19 کی اس صورتحال میں پروٹوکولز پر مکمل عملدرآمد کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More