نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے برطانیہ بھی جانا پڑا تو جاؤں گا، عمران خان

اب تک  |  Oct 24, 2020

اسلام آباد: (23 اکتوبر 2020) وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے اگر برطانیہ جانا پڑا تو جاؤں گا اور اس معاملے پر بورس جانسن سے خود بات کروں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانیہ جانا پڑا تو خود جاؤں گا۔ اگر ضرورت پڑی تو برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے بھی خود بات کروں گا۔ انہوں نے ملک کے ساتھ جو بھی کیا بدقسمتی سے عدلیہ نے ہمیشہ اُن کا ساتھ دیا۔

عمران خان نے کہا کہ لاہورہائیکورٹ سے سفارش کی تھی کہ وہ 7 ارب روپے کا ضمانتی بانڈ مانگیں۔ عدلیہ نے ہماری بات نہیں مانی اور شہباز شریف کی گارنٹی پر باہر جانے دیا۔ بدقسمتی سے پاکستان میں لوگ اقتدار میں صرف جائیدادیں بنانے آتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ وفاداری اقتدار کیلئے نہیں بلکہ منشور کیلئے ہونی چاہیے۔

اپوزیشن رہنماؤں کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ میں ان سب کو جانتا ہوں یہ کیا سے کیا بن گئے۔ ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ عمران خان پر ایسا دباؤ ڈالا جائے کہ یہ ہماری جان چھوڑ دے۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسا ملک بنائیں جو قرض لینے کے بجائے غریب ممالک کو مدد فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے تمام شہریوں میں ہلیتھ کارڈ تقسیم کیے گئے۔ ہماری کوشش ہے کہ پنجاب کے سفید پوش طبقے کو بھی ہیلتھ کارڈ پہنچائے جائیں۔ حکومت پاکستانی تاریخ میں پہلی بار غریبوں اور تنخواہ دار طبقے کیلئے گھر بنا رہی ہے۔ ایک لاکھ گھر کے منصوبے میں شامل ہر گھر پر حکومت تین لاکھ روپے سبسڈی دے گی۔ بینکوں کو پابند کریں گے کہ 5 فیصد شرح سود پر شہریوں کو گھروں کیلئے قرض دیں۔ اگر شرح سود میں بہت زیادہ اضافہ بھی ہوا تو ہم 7 فیصد پر قرض دیں گے اور اگر شرح سود کم ہوگئی تو قرض پر بھی کم کردیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید بتایا کہ بھارت میں گھروں کیلئے قرض 10 فیصد شرح سود پر دیا جاتا ہے۔ ایسے ہی امریکہ اور یورپ میں بھی گھروں کیلئے قرض دیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More