فائل فوٹووزیراعظم عمران خان اگلے ماہ گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اگلے ہفتے 2 دسمبر کو گلگت بلتستان جائیں گے۔ علی امین گنڈاپور، سیف اللہ نیازی اور دیگر رہنما بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔دورہ گلگت بلتستان کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ بھی وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا تھا۔ اسکردو آمد پر وزیراعظم عمران ںے اپنے خطاب میں علاقے کیلئے امدادی پیکیج کا بھی اعلان کیا تھا۔گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے 30 نومبر کو دوبارہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بلایا گیا اجلاس ملتوی کردیا گیا تھا۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سال 2020 نومبر میں ہونے والے گلگت بلتستان انتخابات میں پارٹی پوزیشن کے مطابق 21 ممبران کا تعلق پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سے ہے جب کہ اسمبلی میں 1 خاتون اور 1 ٹیکنوکریٹ سمیت 4 ارکان کے ساتھ پیپلزپارٹی دوسری بڑی جماعت ہے۔پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت مجلس وحدت المسلمین کی 1جنرل نشست ہے جب کہ پی ٹی آئی سے معاہدے کے تحت ملنے والی خواتین کی 1 مخصوص نشست اور 1 ٹیکنوکریٹ سمیت اس کی نشستوں کی تعداد 3 ہے۔مسلم لیگ ن کی بھی 2 جنرل اور خواتین کی 1 مخصوص نشست کے ساتھ کل نشستوں کی تعداد 3 ہے۔اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام کی ایک نشست ہے جب کہ اپنی آزاد حیثیت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کرنے والا ایک آزاد رکن بھی اسمبلی کا حصہ ہے۔