خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22اپریل تک توسیع

سماء نیوز  |  Apr 08, 2021

فوٹو: آن لائن

لاہور کی احتساب عدالت نے لیگی رہنما خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22 اپریل تک توسیع کر دی۔

جمعرات 8اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ميں لیگی رہنما خواجہ آصف کو جیل حکام نے احتساب عدالت میں پیش کيا۔

احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج نے خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22اپریل تک توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے جج کے تبادلے کی وجہ سے ڈیوٹی جج نے کیس کی سماعت کی۔

خواجہ آصف نے 27مارچ کو ضمانت پر رہائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

لیگی رہنما کی درخواست ضمانت میں وفاقی حکومت اور نیب سمیت کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ میں 29 دسمبر کو اسلام آباد سے گرفتار کیا جبکہ نیب کو کیس کا ریکارڈ پہلے ہی فراہم کرچکے ہیں۔

انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ نیب نے انکوائری کے شکایت کنندہ کا کوئی ریکارڈ بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں کیا۔ احتساب عدالت کے جج نے بھی نیب کے پاس تمام متعلقہ ریکارڈ ہونے کی آبزرویشن دی جبکہ الیکشن کمیشن اور ایف بی آر کے پاس اثاثوں کی تمام تفصیلات موجود ہیں۔

خواجہ آصف نے استدعا کی کہ عدالت بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More