بھاری ٹیکسوں کا معاملہ : موبائل فون صارفین کےلئے خوشخبری

بول نیوز  |  May 03, 2021

حکومت کی جانب سے موبائل فون صارفین پر عائد بھاری ٹیکسوں میں کمی کی منظوری دے دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق کا کہنا ہے کہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی سفارشات کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے ٹیلی کام سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے ، ٹیلی کام سیکٹر اور موبائل فون صارفین پر عائد مختلف بھاری ٹیکسوں میں بتدریج کمی کرنے کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے جس کا براہ راست فائدہ موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کو ہو گا۔

ذرائع کے مطابق نئی سم کی خریداری پر فیس وصولی بھی ختم کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ موبائل فونز کی صنعت میں سرمایہ کاری سے مقامی پیداوار اور روزگار میں اضافہ ہوگیا، پاکستان اپنی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ جلد اسمارٹ فونز برآمد بھی کرے گا ، موبائل اسیسریز بھی پاکستان میں ہی تیار کی جائیں گی۔

انجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ کے مطابق 3 غیر ملکی کمپنیوں کی ماہانہ تجرباتی پیداوار 10 لاکھ موبائل فونز سے تجاوز کرگئی ہے ، ایک مقامی کمپنی کی 200 ڈالر سے کم قیمت والے موبائلز کی ماہانہ پیداوار بھی ڈیڑھ لاکھ سے بڑھ کر ساڑھے 6 لاکھ تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق اسمارٹ فون کی صنعت پھلنے پھولنے سے اب تک 6 ہزار سے زیادہ افراد کو روزگار بھی مل چکا ہے ، پاکستان ماہانہ 36 لاکھ اسمارٹ موبائل فون سیٹس کی مقامی طلب پوری کرنے کے قریب پہنچ گیا۔

حکام پرامید ہیں کہ جلد دنیا بھر کی مارکیٹس میں میڈ اِن پاکستان موبائل فونز نظر آئیں گے، موبائل فونز کیساتھ ٹیبلٹس اور اسیسریز بھی مقامی طور تیار کرنے کیلئے نئی کمپنیاں خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں۔

سیلز ٹیکس استثنیٰ ملنے سے 200 ڈالر سے زیادہ مالیت کے موبائل فون کی پیداوار بھی جلد متوقع ہے۔

پالیسی کے تحت مقامی کمپنیز کو موبائل فون کی برآمد پر 3 فیصد ٹیکس چھوٹ ملے گی۔

رپورٹ کے مطابق مقامی مینوفیکچرز کی ٹو جی نان اینڈرائیڈ سے فور جی اسمارٹ فون پر منتقلی شروع ہوگئی ہے۔

 

-->
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More