پی ایس ایل 6: اسلام آباد یونائیٹڈ کا لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 144 رنز کا ہدف

ہم نیوز  |  Jun 09, 2021

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 15 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دے دیا۔

ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد کی جانب سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور عثمان خواجہ نے کیا۔

یونائیٹڈ کا پہلا نقصان اننگز کے دوسرے اوور میں ہوا جب کولن منرو فولکنر کی گیند پر آوٹ ہو گئے۔

لاہور قلندرز کے گیند بازوں کی نپی تلی گیندبازی کی وجہ سے اسلام آباد کو کوئی بھی بلے باز لمبی باری نہیں لے سکا اور یکے بعد دیگرے ٹیم کی وکٹیں گرتی چلی گئیں۔

اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف 28 اور عثمان خواجہ 18 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ قلندرز کی جانب سے جیمز فولکنر نے تین، احمد دانیال اور حارث روف نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ پچ بالکل نئی ہے، امید ہے کہ 160 سے اوپر کا ٹارگٹ سیٹ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اوپنرز کی بہترین جوڑی اور حسن علی کی صورت میں بہترین گیند باز موجود ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں عثمان خواجہ، کولن منرو، افتخار احمد، شاداب خان، حسین طلعت، روحیل نذیر، آصف علی، فہیم اشرف، حسن علی، محمد وسیم اور فواد احمد شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کی ٹیم میں فخر زمان، سہیل اختر، محمد فیضان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمز فولکنر، راشد خان، شاہین شاہ، احمد دانیال، اور حارث روف شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More