وزیر خارجہ کی بیلجیئم کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات‎‎

اے پی پی  |  Sep 25, 2021

نیویارک/ اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سوفی ولیمز کے ساتھ ملاقات کی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گذشتہ ماہ ہونیوالی ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بیلجیئم کو یورپی یونین میں پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان،

وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترجیحات کے ایجنڈے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ افغانستان میں انسانی و اقتصادی بحران کے خطرے کو سامنے رکھتے ہوئے عالمی برادری کو چاہیے کہ افغان عوام کی معاونت کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں افغان عوام کی انسانی و معاشی معاونت عالمی برادری کی طرف سے مثبت پیغام رسانی کا ذریعہ ثابت ہو گی۔

بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سوفی ولیمز نے کابل سے بیلجیئم کے سفارتی عملے کے محفوظ انخلا میں پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ خصوصی تعاون پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور علاقائی صورتحال کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More