شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ آریان خان باقاعدگی سے منشیات لیتے تھے: این سی بی

اردو نیوز  |  Oct 14, 2021

ممبئی کی سیشن عدالت میں بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے خلاف منشیات کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت جاری ہے۔

انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعرات کو سماعت کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے عدالت کو بتایا کہ ’شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ آریان خان باقاعدگی سے منشیات لیتے تھے، انہیں ضمانت نہیں ملنی چاہیے۔‘

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ’اگر آریان خان کے روابط ثابت ہو گئے تو انہیں لمبے عرصے کے لیے سزا مل سکتی ہے۔‘

اس سے قبل ممبئی کی سیشن عدالت نے بدھ کے روز آریان خان کی منشیات کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی تھی۔

دوران سماعت آریان خان کے وکیل امیت دیسائی نے موقف اختیار کیا کہ آریان کے پاس نقدی نہیں تھی اس لیے وہ منشیات خرید ہی نہیں سکتے تھے اور جب انہوں نے منشیات خریدی ہی نہیں تو انہوں نے لی بھی نہیں۔

ضمانت کی استدعا کرتے ہوئے انہوں نے کئی بار یہ بات دہرائی کہ آریان خان کے پاس سے کوئی منشیات نہین پائی گئیں اور صرف چھ گرام منشیات ارباز مارچنٹ کے پاس سے برآمد ہوئی۔

امیت دیسائی نے یہ بھی کہا کہ آریان خان کو کروز پر بھی موجود نہیں تھے۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ’اگر آریان خان کے روابط ثابت ہو گئے تو انہیں لمبے عرصے کے لیے سزا مل سکتی ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)اس سے قبل جمعے کو ممبئی کی ایک عدالت نے آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی، آریان خان کے وکیل ستیش منشندے نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 2 اکتوبر کو نیشنل نارکوٹکس بیورو (این سی بی) کے چھاپے میں آریان خان کے قبضے سے منشیات برآمد نہیں ہوئی تھی۔

تاہم عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد آریان خان اور ان کے ساتھ دو اور ملزمان ارباز مرچنٹ اور منمن دھامیچا کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے کو 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران پڑنے والے چھاپے میں حراست میں لیا گیا تھا۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اس چھاپے کے دوران 10 افراد کو حراست میں لیا تھا۔ انڈین میڈیا کے مطابق ان پر ڈرگز خریدنے، رکھنے اور استعمال کرنے جیسے الزامات ہیں۔

 آریان خان کی گرفتاری کے معاملے پر ریتک روشن، سنیل شیٹی، راکھی ساونت اور جونی لیور سمیت متعدد ستارے شاہ رخ خان سے اظہار یکجہتی کرتے نظر آتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More