سوشل میڈیارولزکا آرٹیکل 19،پاکستانی صارفین کواظہار رائےکی آزادی ہوگی،امین الحق

سماء نیوز  |  Oct 14, 2021

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے سوشل میڈیا رولز 2021 کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

وزیرآئی ٹی امین الحق نے بتایا ہے کہ ترمیم شدہ رولز کے تحت پاکستانی صارفین کو آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے کی مکمل آزادی ہوگی۔پاکستانی صارفین اور سوشل میڈیا اداروں کے مابین رابطوں کیلئے رولز اہم کردار ادا کریں گے۔

امین الحق نے بتایا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستانی قوانین اور سوشل میڈیا صارفین کے حقوق کی پاسداری کرنا ہوگی۔ انتہا پسندی، دہشت گردی، نفرت انگیز، فحش اور پرتشدد مواد کی لائیو اسٹریمنگ پر پابندی ہوگی۔

وفاقی وزیرنے بتایا کہ سوشل میڈیا ادارے پاکستان کے وقار و سلامتی کے خلاف مواد ہٹانے کے پابند ہوں گے۔اخلاق باختہ اور فحش مواد کی تشہیر بھی قابل گرفت جرم ہوگا۔سوشل میڈیا ادارے اور سروس پرووائیڈرز کمیونٹی گائیڈ لائنز تشکیل دیں گے اورگائیڈ لائنز میں صارفین کومواد اپ لوڈ کرنے سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔

امین الحق نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص سےمتعلق منفی مواد اپ لوڈ نہیں کیا جائے گا اوردوسروں کی نجی زندگی سے متعلق مواد ،پاکستان کے ثقافتی اور اخلاقی رجحانات کے مخالف مواد،بچوں کی ذہنی و جسمانی نشونما اور اخلاقیات تباہ کرنے سے متعلق مواد پر پابندی ہوگی۔

اس کےعلاوہ یوٹیوب، فیس بک، ٹک ٹاک، ٹوئٹر، گوگل پلس سمیت تمام سوشل میڈیا ادارے رولز کے پابند ہوں گے۔ نوٹیفیکشن کے اجراء کے بعد سوشل میڈیا اداروں پر جلد از جلد پاکستان میں دفاتر قائم کرنا لازم ہوگا اورسوشل میڈیا کمپنیاں پاکستان کیلئے اپنا مجاز افسرمقررکریں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More