پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

سماء نیوز  |  Nov 26, 2021

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ عبدالسمیع کا کہنا ہے کہ مسئلے کے حل کیلئے پیچھے ہٹے، 4.4 فیصد منافع پر اتفاق کرلیا۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بھی حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدے کی تصدیق کردی۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے منافع کی شرح بڑھانے کیلئے کی گئی ملک گیر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ حکومت اور ایسوسی ایشن کے درمیان منافع کی شرح 4.4 فیصد کرنے پر اتفاق کرلیا گیا، جو اس سے قبل 3.9 فیصد تھا۔

چیئرمین پی پی ڈی اے عبدالسمیع خان نے ہڑتال کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کے حل کيلئے پيچھے ہٹے، یقین دہانی پہلے کرائی جاتی تو ہڑتال ہی نہ کرتے، حکومت سے 4.4 فیصد منافع پر اتفاق کرليا، چھ ماہ ميں آہستہ آہستہ منافع پورا کی شرح بڑھائی جائے گی۔

ہڑتال کے خاتمے کے اعلان کے باوجود عبدالسمیع نے یہ واضح نہیں کیا کہ پیٹرول پمپ کب سے دوبارہ کھلیں گے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سے مذاکرات کی کامیابی اور ہڑتال کے خاتمے کی اطلاع دی تھی۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی نے جمعرات کی صبح 6 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد کیا تھا۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے اس سے قبل سماء کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 6 فیصد منافع کے مطالبے کو ’’ناجائز‘‘ قرار دیا تھا تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ  پیٹرولیم ڈیلرز کا منافع ناکافی ہے۔

واضح رہے کہ وزارت توانائی کا پیٹرولیم ڈویژن اقتصادی رابطہ کمیٹی سے پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع کی منظوری لے گی۔

اس سے قبل حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کو منافع میں اضافے کی پیش کش کی تھی، جس کے مطابق پیٹرول پر 85 پیسے اور ڈیزل پر 60 پیسے اضافہ کیا جانا تھا تاہم اب پیٹرول پر ایک روپے اور ڈیزل پر 70 پیسے فی لیٹر بڑھیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More