یورپ میں بڑھتی مہنگائی، جرمنی کا ایمرجنسی گیس پلان الرٹ بڑھانے پر غور

اردو نیوز  |  Jun 23, 2022

جرمنی نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے گیس کی سپلائی میں کی جانے والی کمی کو دیکھتے ہوئے ملک کے ایمرجنسی گیس پلان کا الرٹ لیول بڑھایا جا سکتا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جرمنی کے وزیر معیشت رابرٹ ہیبک نے صحافیوں کو بتایا کہ ’جرمنی میں اس وقت گیس قلت کی شکار اشیا میں سے ہے۔‘

دوسری جانب یورپی یونین میں شامل ممالک کی معاشی ترقی میں جون کے مہینے میں شدید گراوٹ دیکھی گئی ہے۔

جمعرات کو سامنے آنے والے سروے کے نتائج کے مطابق بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کورونا وبا کے بعد معمول پر آنے والی معیشت کو ایک بار پھر بڑے چیلنج سے دوچار کر دیا ہے۔

ایس اینڈ پی گلوبل کے چیف بزنس اکانومسٹ کرس ولیمسن نے کہا ہے کہ ’معاشی سرگرمی میں سست روی کی بڑی وجہ قیمتوں میں ہونے والا اضافہ ہے۔‘

کرس ولیمسن کے مطابق ’یہ سنہ 2008 کے عالمی معاشی بحران کے بعد سب سے زیادہ غیرمتوقع صورت حال ہے۔‘

واضح رہے کہ رواں برس فروری میں روس کی جانب سے یوکرین میں ’خصوصی ملٹری آپریشن‘ کے آغاز سے ہی یورپ کے ممالک کو گیس کی فراہمی کے حوالے سے خدشات کا سامنا ہے۔

امریکہ اور یورپی ممالک کی اکثریت یوکرین کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ گیس کے لیے ان میں سے زیادہ تر ملکوں کا انحصار روس پر ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More