پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ملتان میں جاری ہے جس میں ڈیبیو کرنے والے مسٹری سپنر ابرار احمد نے انگلش بلے بازوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔اب سے کچھ دیر پہلے انگلینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 180رنز بنا لیے ہیں۔جمعے کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ابرار احمد نے آج ٹیسٹ ڈیبیو میں پہلے اوور کی پانچویں بال پر وکٹ حاصل کر لی۔ زیک کرولی کی جگہ اولی پوپ بیٹنگ کرنے آئے۔انہوں نے بین ڈکٹ کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کی کوشش کی جس میں وہ کسی حد تک کامیاب بھی رہے، تاہم صورت حال اس وقت بدل گئی جب 63 رنز پر ابرار احمد نے بین ڈکٹ کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔اس کے بعد آنے والے دو بلے باز بھی ابرار احمد کا شکار ہوئے۔اس سے پہلے ٹاس کے بعد گفتگو میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فہیم اشرف اور ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔خیال رہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ نے 74 رنز سے جیت لیا تھا۔ملتان میں آج شروع ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ 13 دسمبر تک چلے گا جبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں دسمبر سے شروع ہو گا۔