شوہر سے جھگڑا، گجرات میں خاتون نے اپنے بچوں کو تیزاب پلا کر مار ڈالا

اردو نیوز  |  Sep 23, 2024

پنجاب کے ضلع گجرات میں گھریلو ناچاقی پر خاتون نے اپنے دو بچوں کو تیزاب پلا کر مار دیا اور بعد میں خود بھی پی لیا تاہم انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ملزمہ کا علاج جاری ہے۔

ضلع گجرات کے تھانہ ڈنگہ میں درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق ’گاؤں بدوھوال کی رہائشی 35 سالہ سدرہ نے پہلے اپنے دو بچوں کو تیزاب پلایا جس سے ان کی 6 برس کا بیٹا آہل اور 8 برس کا ساحل موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ بعد ازاں والدہ نے خود بھی تیزاب پی لیا۔‘

ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ احمد حسن نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’خاتون نے پولیس کو بیان دیا ہے جس میں انہوں نے اقبالِ جرم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اُن کے شوہر اٹلی میں مقیم ہیں جن سے فون پر جھگڑا ہوا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’شوہر نے فون پر کہا کہ میں تمہیں طلاق دے دوں گا جس کے بعد غصّے میں یہ اقدام اٹھایا۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے بچوں کو تیزاب پلانے کے بعد گلا گھونٹ کر انہیں قتل کیا۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور خاتون سدرہ بی بی کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال ڈنگہ منتقل کیا جبکہ دونوں بچوں کی لاشیں بھی ہسپتال پہنچائی گئیں۔

پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لینے کے بعد عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات منتقل کر دیا ہے جہاں زیرِحراست میں ملزمہ کا علاج جاری ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More